ہسپتال میں سہولیات کا فقدان،نارنگ میں شٹرڈائون ہڑتال

 ہسپتال میں سہولیات کا فقدان،نارنگ میں شٹرڈائون ہڑتال

ہر مریض لاہور ریفر، ایمبولینس دستیاب نہیں، مریض سرنج بھی خریدنے پر مجبور امن کمیٹی کی کال پر مارکیٹیں ،بازار بند ، احتجاج کا دائرہ مزید بڑھانے کا عندیہ

نارنگ منڈی (نمائندہ دنیا) مریم نواز ہسپتال نارنگ منڈی میں بنیادی طبی سہولیات کی عدم دستیابی اور ناقص انتظامات کیخلاف امن کمیٹی تھانہ نارنگ کی کال پر شہر بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی، تمام مارکیٹیں اور بازار بند رہے ۔ امن کمیٹی، مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں، تاجر برادری، سماجی و مذہبی تنظیموں، سول سوسائٹی اور شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے ہسپتال کا موجودہ ٹھیکہ فوری منسوخ کرنے اور معاملات کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین اور شہریوں کا کہنا تھا کہ دیہی مرکز صحت نارنگ کو آؤٹ سورس کرتے وقت عوام کو بہتر اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے دعوے کیے گئے تھے ،تاہم عملی صورتحال اس کے برعکس ہے ۔ ان کے مطابق معمولی نوعیت کے امراض میں مبتلا مریضوں کو بھی لاہور ریفر کر دیا جاتا ہے ،ایمبولینس سروس مناسب طور پر دستیاب نہیں، جبکہ مریضوں کو سرنج سمیت بنیادی طبی سامان بھی بازار سے خریدنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے ۔ حکومت کی جانب سے ہسپتال کے انتظامی امور اور طبی سہولیات کیلئے ہر ماہ لاکھوں روپے فراہم کیے جا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود عوام کو بنیادی علاج کی سہولت میسر نہیں ۔شہریوں نے سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ہسپتال کے مالی و انتظامی معاملات کا شفاف اور غیرجانبدارانہ آڈٹ اور مبینہ بے ضابطگیوں کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبات پر فوری عملدرآمد نہ ہوا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...