ٹرمپ کی مکہ معاہدے کی حمایت اور حوصلہ افزائی کا شکریہ : خطے کے دفاع کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے : شہباز شریف
پائیدار امن ہی ہماری اقوام کے روشن اور خوشحال مستقبل کے لیے سب سے اہم بنیادی شرط :وزیراعظم اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک میں تاخیر پر اظہار برہمی،جلد تکمیل، چلانے کیلئے اسے آؤٹ سورس کرنیکی ہدایت
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کے حوالے سے حمایت اور حوصلہ افزائی کا شکریہ ادا کرتے ہیں،برادر ملک سعودی عرب اور جمہوریہ ترکیہ کے ساتھ مل کر پاکستان پورے خطے کے دفاع اور سلامتی کو یقینی بنانے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔’’ ایکس‘‘پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا ایک بار پھر صدر ٹرمپ کی جرأت مندانہ اور فیصلہ کن قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جس نے جنوبی ایشیا میں جوہری تباہی کو ٹالنے اور لاکھوں انسانی جانوں کو بچانے میں مدد دی،پائیدار امن ہی ہماری اقوام کے روشن اور خوشحال مستقبل کے لیے سب سے اہم بنیادی شرط ہے ۔ واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ انہیں بہت خوشی ہے کہ سعودی عرب، ترکی اور پاکستان نے ‘‘مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدے ’’ پر دستخط کر دئیے ہیں۔ انہوں نے اسے بہت بڑا ، جرأت مندانہ اور پہلا اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس معاہدے سے واضح ہورہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک کس طرح ایک دوسرے کے قریب آرہے ہیں اور کس طرح وہ اپنا دفاع زیادہ بہتر طریقے سے کرنے کے قابل ہوں گے۔
دریں اثنا شہبازشریف نے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں جاری اصلاحات اور اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر کی پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی ۔ وزیراعظم نے اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تکمیل میں تاخیر پر اظہار برہمی کرتے ہوئے اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کرنے اور ٹیکنالوجی پارک کو ترجیحی بنیادوں پر فعال کرنے کی ہدایت۔انہوں نے کہاکہ اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کو چلانے کیلئے مکمل طور پر آوٹ سورس کیا جائے ۔انہوں نے کہا شہریوں کو بروقت، شفاف اور آسان ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں۔شہریوں کو سرکاری خدمات کے حصول میں سہولت فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
انہوں نے کہاکہ آئی ٹی اور ڈیجیٹل اصلاحات میں وفاقی وزارتوں کی ای آفس پر منتقلی اب تک کی اہم ترین اصلاحات میں سے ہے ۔وزیراعظم نے وفاقی حکومت کی تمام ماتحت اداروں اور ایس او ایز میں ای آفس کا استعمال یقینی بنانے ، سرکاری اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کرنے ، جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنے اور تمام سرکاری املاک کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔بریفنگ میں بتایاگیاکہ این آئی ٹی بی کی رائٹ سائزنگ کی جا چکی ہے اور اہم عہدوں پر تعیناتی ایک شفاف طریقے سے کی جارہی ہے ۔تمام وفاقی وزارتیں ای آفس پر منتقل ہو چکی ہیں جبکہ دیگر محکموں اور سرکاری ملکیتی اداروں میں اس کی ترویج پر کام جاری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments