ڈوپنگ ایشو پر ریلیف:انعام بٹ کو ایشین گیمز میں شرکت کی اجازت
قومی ریسلر پرعائد پابندی کا دورانیہ 19جولائی سے 18ستمبر تھا،کوئی مالی جرمانہ عائد نہیں کیاگیا،ایشین گیمز میں بطور کوچ شرکت کرینگے ڈوپ ٹیسٹ میں پائی گئی دوا طبی علاج کیلئے استعمال ہونے کی تصدیق ، انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے دوا مزید ایک سال لینے کی اجازت دیدی
لاہور (سپورٹس ڈیسک )ڈوپنگ ایشو پر قومی ریسلر انعام بٹ کو بڑا ریلف مل گیا، دو ماہ کی پابندی کا دورانیہ مکمل ہونے کے بعد ایشین گیمز میں شرکت کی اجازت مل گئی تاہم ان سے ایشین بیچ گیمز کا سلور میڈل واپس لے لیا گیا ہے ۔قومی ریسلر کو انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی اور ورلڈ ریسلنگ نے پابندی کے فیصلے سے آگاہ کردیا۔دستاویزات کے مطابق انعام بٹ پر عائد پابندی کا اطلاق 19 جولائی سے 18 ستمبر تک تھا، پابندی کا دورانیہ مکمل ہونے پر انعام بٹ اب ریسلنگ کی سرگرمیوں میں شرکت کے اہل ہیں،انعام بٹ کو ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کی اجازت مل گئی ،وہ ایشین گیمز میں کوچ کی حیثیت سے شرکت کریں گے ، وہ ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری ہیں اور تمام سرگرمیوں میں حصہ لینے کے اہل ہیں۔ انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے محمد انعام بٹ پر کوئی مالی جرمانہ عائد نہیں کیا جبکہ نمونے میں پائی جانے والی دوا طبی علاج کیلئے استعمال ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے طبی دستاویزات کو تسلیم کرتے ہوئے انعام بٹ کو مطلوبہ دوا مزید ایک سال استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments