ترقی کا فوکس ایک شہر نہیں پنجاب کے 41 اضلاع ہیں : مریم نواز
گرین بس دور دراز علاقوں میں لاہور سے پہلے آئی : وزیر اعلیٰ دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر اظہار تشکر
لاہور (سٹاف رپورٹر، دنیا نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ اب ترقی کا فوکس کوئی ایک شہر نہیں پنجاب کے 41 اضلاع ہیں۔ ملتان کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے گفتگو کرتے ہو ئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ گرین بس پنجاب کے دور دراز علاقوں میں پہلے شروع ہوئی او رلاہور میں بعد میں آئی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ آبادی کے تناسب سے ترقیاتی پراجیکٹ کئے جارہے ہیں ، کینسر کی کوابلیشن مشین میو ہسپتال لاہور کے بعد جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے شہر ملتان میں لگائی اور کینسر کے مریضوں کا علاج بھی شروع کردیاگیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ارکان اسمبلی کو متعلقہ حلقوں میں ترقیاتی پراجیکٹ کی تکمیل تک شامل رکھاجائے۔ ملاقات میں ملتان کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے عوامی مسائل کے حل کے لئے تجاویز اور سفارشات پیش کیں ۔ وزیراعلیٰ نے تجاویز نوٹ کیں اور ضروری اقدامات کاحکم دیا،ضلع ملتان کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے ترقیاتی منصوبوں پر شکریہ ادا کیا ، ریکارڈ مدت میں جلالپور پیر والا اور نوراجہ بھٹہ فلڈ بند کی تعمیر پر خراج تحسین پیش کیا، وزیراعلی ٰنے شجاع آباد اور خان گڑھ کے درمیان چناب پل بنانے کی تجویز پراتفاق کیا۔
انہوں نے جیل منتقل کر کے عوامی پارک بنانے کی تجویز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی اور خانیوال روڈ کی وسعت اورری ڈیزائننگ کا حکم دے دیا، ارکان اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ساتھ کھڑے رہیں گے ،ترقی میں باقی صوبے پیچھے رہ گئے ، وزیراعلی ٰ پنجاب نے واضح لیڈ لے لی۔ پنجاب ترقی کی سب سے بڑی مثال بن کر سامنے آیا ہے ، دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے دہشتگردوں کے خلاف بلوچستان میں کامیاب آپریشنز پر اظہار تشکر کیا اور پنجگور اور چاغی میں 11 دہشت گرد ہلاک کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments