مستونگ :قومی شاہراہ پر دھماکا ، سکیورٹی اہلکار شہید ، 10زخمی

مستونگ :قومی شاہراہ پر دھماکا ، سکیورٹی اہلکار شہید ، 10زخمی

کھڈکوچہ میں گورو کے مقام پر سڑ ک کنارے نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا

کوئٹہ(این این آئی )ضلع مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں گورو کے مقام پر قومی شاہراہ پر نصب بم دھماکے میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید اور اہلکاروں سمیت 10افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ۔کھڈ کوچہ میں دہشتگردوں نے ایک اور پل کو دھماکے سے تباہ کردیا ۔ حکام کے مطابق گزشتہ رات شرپسندوں نے مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں این 25قومی شاہراہ پر انجیری کراس اور کھڈ کوچہ کے درمیان ایک پل (کلورٹ)کو دھماکے سے تباہ کردیا جس سے شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی تاہم بعدازاں ٹریفک کو متبادل راستے سے روانہ کردیا گیا۔ فورسز نے علاقے میں ناکہ بندی کر کے ملزموں کی تلاش شروع کردی ۔ دریں اثنا سی ٹی ڈی تھانے میں دوروز قبل پشین کے علاقے سرانان میں تھانے پر حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی کی تحقیقاتی ٹیموں نے شواہداکٹھے کرکے تفتیش کاآغازکردیا تاہم ابتک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ،حکام کے مطابق تھانے کے ریکارڈ،اسلحہ،گاڑیوں ودیگرسامان کی گمشدگی اورنقصانات کابھی جائزہ جاری ہے ۔سرانان تھانہ 20اگست کوکالعدم تنظیم کے شرپسندوں نے دھماکے سے اڑادیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...