پمز میں اینجیوگرافی کی سہولٹ غیر فعال، وزیراعظم کانوٹس، کمیٹی قائم

پمز میں اینجیوگرافی کی سہولٹ غیر فعال، وزیراعظم کانوٹس، کمیٹی قائم

اسلام آباد(دنیا نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے پمز ہسپتال میں سی ٹی کورونری اینجیو گرافی کی سہولت فعال نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کردی۔وزیراعظم کی ہدایت پر قائم کمیٹی کی سربراہی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کریں گے۔

سیکرٹری ہیلتھ سروسز ڈاکٹر جہانزیب علی، ڈاکٹر نصرت اللہ چودھری، پروفیسر ندیم حیات، ڈاکٹر عظمت حیات اور عمر فاروق کمیٹی کے ارکان ہوں گے ۔ کمیٹی ضرورت کے مطابق کسی اور رکن کو بھی شامل کرسکے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ کمیٹی تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر حقائق اور ذمہ داران کا تعین کرے گی اور فوری طور پر رپورٹ پیش کرے گی۔ انکوائری میں جائزہ لیا جائے گا کہ پمز میں 2022ء سے سی ٹی کورونری اینجیوگرافی کی تکنیکی صلاحیت موجود ہونے کے باوجود سہولت فعال کیوں نہیں رہی۔ مطلوبہ تکنیکی سہولیات، انسانی وسائل اور سافٹ ویئر کی دستیابی بھی جانچی جائے گی۔

کمیٹی 2022ء سے اب تک پمز میں کیے گئے سی ٹی کورونری اینجیوگرافی کے طریقہ کار، تعداد، تاریخوں اور متعلقہ ریکارڈ کا جائزہ لے گی۔ کارڈیالوجی اور ریڈیالوجی شعبوں کے درمیان ریفرل میکنزم اور باہمی رابطے کی صورتحال بھی دیکھی جائے گی۔انکوائری کمیٹی یہ بھی جائزہ لے گی کہ آیا پمز کے مریضوں کو معمول کے مطابق سی ٹی کورونری اینجیوگرافی کے لیے نجی مراکز ریفر کیا جاتا رہا اور اگر ایسا ہوا تو کیا کسی مخصوص نجی ادارے کو ترجیح دی گئی۔کمیٹی عدم رابطہ کاری، بدانتظامی یا غفلت کے نتیجے میں عوامی مفاد کو پہنچنے والے نقصان اور ذمہ دار افسران یا دفاتر کا بھی تعین کرے گی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ تمام متعلقہ حقائق اور ریکارڈ کی مکمل جانچ کے بعد رپورٹ پیش کی جائے تاکہ قانون اور قواعد کے مطابق مزید کارروائی کی جاسکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...