منشیات، انسانی سمگلنگ کیخلاف پاک ملائشیا تعاون بڑھانے پر اتفاق
ملائشین وزیر داخلہ کی صدر زرداری سے ملاقات، ادارہ جاتی تعاون کی پیش رفت کو سراہا
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، اے پی پی) پاکستان اور ملائشیا نے منشیات اور انسانی سمگلنگ، دہشت گردی، سائبر کرائم کی روک تھام اور امیگریشن مینجمنٹ سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ ملائشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین نصوتیون بن اسماعیل نے صدر آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ایوان صدر میں ملاقات کے دوران صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ملائشیا کے برادرانہ تعلقات مشترکہ مذہب، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے داخلی سلامتی، امیگریشن اور قانونی و عدالتی امور میں ادارہ جاتی تعاون کی پیش رفت کو سراہا۔
صدر نے کہا کہ ملائشیا میں پاکستانی چاول، آلو، گندم، پولٹری اور جانوروں کی خوراک کی طلب موجود ہے ، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھایا جاسکتا ہے۔ محسن نقوی سے ملاقات میں انسداد دہشت گردی، منشیات کی روک تھام، سائبر کرائم اور امیگریشن مینجمنٹ میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں وزارتوں کے درمیان مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے اور دہشت گردی، منشیات و انسانی سمگلنگ سے نمٹنے کیلئے انٹیلی جنس شیئرنگ کے طریقہ کار کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔نیشنل پولیس اکیڈمی پاکستان اور رائل ملائشین پولیس کالج کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈ آپریشنز اور متعلقہ شعبوں میں ملائشیا کے تجربات سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی رکھتا ہے ، جبکہ ورکرز کے کوٹے میں اضافے سے مزید پاکستانی قانونی ذرائع سے ملائشیا میں روزگار حاصل کرسکیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments