10پاکستانی ملاحوں کی رہائی کیلئے مداخلت کی جائے ،اسحاق ڈار
سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن سے ملاقات،ملاحوں کی رہائی پر گفتگو مذاکرات، سفارتکاری آ گے بڑھنے کا واحد راستہ:اسحاق ڈار کا کویتی وزیر خارجہ کو ٹیلی فون
لندن ،اسلام آباد(،وقائع نگار ، اے پی پی ، دنیا نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کے سیکرٹری جنرل ارسینیو ڈومنگیز سے ملاقات کی اور پاکستانی ملاحوں کی رہائی پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں پاکستان اور آئی ایم او کے درمیان تعاون، سمندری تحفظ، سلامتی، عالمی بحری معیارات اور پاکستان کے بحری شعبے کی ترقی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا،اسحاق ڈار نے آئی ایم او کے لیے پاکستان کے دیرینہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے محفوظ، مو ثر اور منظم بین الاقوامی بحری نقل و حمل کے لیے ادارے کے کردار کو سراہا،انہوں نے ایم ٹی آنر 25 پر یرغمال بنائے گئے 10 پاکستانی ملاحوں کی بحفاظت رہائی کے لیے جاری کوششوں میں آئی ایم او سیکرٹری جنرل کے تعاون پر بھی اظہار تشکر کیا۔
نائب وزیراعظم نے پاکستانی ملاحوں کی جلد اور بحفاظت واپسی کے لیے فوری اور مو ثر ادارہ جاتی مداخلت پر زور دیا، سینیٹر اسحاق ڈار نے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کویت کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت کا اعادہ کیا،علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ دیرپا امن اور استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی آ گے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں۔انہوں نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر اس کی روح اور الفاظ کے مطابق مکمل عملدرآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments