آج عید میلاد النبیؐ ، درود و سلام کی صدائیں، قراردادیں منظور
عام تعطیل ہوگی، گلیوں محلوں بازاروں میں سجاوٹ،محافل ،جلوس نکلیں گے
لاہور،اسلام آباد(خبرنگار،اپنے رپورٹرسے، سٹاف رپورٹر،نامہ نگار )ملک بھربشمول آزاد کشمیر میں آج بدھ کوعید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مکمل مذہبی جوش وخروش اورعقیدت واحترام کے ساتھ منائی جائے گی ، حکومت کی جانب سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔صبح کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں سے کیاجائے گا،ملک کے گلی کوچے ذکررسولؐ ،درودوسلام کے وردسے گونج رہے ہیں ،عمارات ،مساجد گھروں اور بازاروں کودلہن کی طرح سجا دیا گیا ،ہرجانب رنگ ونورکی برسات کاسماں ہے ۔بارہ ربیع الاول کے مرکزی جلوسوں کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ، حکومت اورانتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔ملک کے دیگرشہروں کی طرح شہراقتدار بھی عید میلاد النبیؐ کی خوشی میں چراغاں،سجاوٹ سے جگمگا تا رہا ،بارہ ربیع الاول شریف کے جلوس کے مقررہ راستوں میں استقبالیہ کیمپ لگا دئیے گئے ہیں، مشروبات ،ٹھنڈے دودوھ کی سبیلیں لگائی جائیں گی لنگر تقسیم کیا جائے گا ۔ان استقبالیہ کیمپوں پر شرکاجلوس پر پھولوں کی پتیاں نچھارو کرنے سمیت بہترین حسن کارکردگی کامظاہرہ کرنے والی میلاد سیرت وجلو س کمیٹیوں،اورنعت خوانوں کوانعامات دئیے جائیں گے۔
اسلام آباد سے مرکزی جلو س جی سیون اورکراچی کمپنی سے شروع ہوگا ،علما کرام جلوسوں میں سیرت طیبہ اور میلاد پاک کی برکات پرروشنی ڈالیں گے ۔عاشقان رسولؐ خانہ کعبہ اور مسجد نبویؐ کے خوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائنات سے اظہار عقیدت کر رہے ہیں۔قومی اسمبلی اور سینیٹ میں عید میلادالنبیؐ سے متعلق قراردادیں متفقہ طورپر منظورکرلی گئیں۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں معمول کی کارروائی معطل کر کے یہ قرارداد وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل نے پیش کی ۔قراردادمیں کہا گیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس موقع کو اعلیٰ سطح پر قومی پروگرامز،میلاد النبیؐ کی محافل، میڈیا مہمات، فلاحی اقدامات ، سرکاری اور نیم سرکاری عمارتوں اور شاہراہوں کو چراغاں اور سجاوٹ کے ذریعے منائیں۔ تمام سرکاری اور نجی ادارے بشمول تعلیمی اور کاروباری ادارے ، میڈیا ہاؤس بھرپور شرکت کرتے ہوئے حضرت محمدؐ کی تعلیمات کے مطابق امن ، رواداری اور اخوت کو فروغ دیں۔ سینیٹ کی منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ عید میلاد النبی ؐ پر ایوان میں سیرت ومیلاد شریف کے حوالے سے گفتگوکی جائے جس پر ممبران نے گفتگو کی اور یہ سلسلہ جمعہ کو بھی جاری رکھا جائے گا۔
صدر آصف علی زرداری نے امت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا آپ ﷺ نے اپنے اسوۂ حسنہ سے قرآن مجید پر عمل پیرا ہو کر انفرادی اور اجتماعی فلاح اور نجات کے حصول کا وہ انقلاب برپا کیا جس کی نظیر نہیں ملتی۔12 ربیع الاول کا تقاضا ہے کہ ہم رسول ﷺ سے عشق کا اظہار نبی کریم ﷺ کی سیرت و سنت مبارکہ کو اپنے انفرادی و اجتماعی اعمال میں اپنا کر بنی نوع انسان کے لئے مثال بنیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا حضور ﷺ کی ذاتِ مطہرہ نے ایمان، علم، اخلاق اور عدل پر مشتمل ایک مکمل و مثالی ضابطہ حیات کا پیغامِ ایزدی عالم انسانیت تک پہنچایا۔اس سال قومی سطح پر ہم اس مبارک دن کو’’نسلِ نو کا تحفظ، تعبیر اور کردار، سیرت النبیؐ کی روشنی میں‘‘کے زیر عنوان منا رہے ہیں۔ نوجوان نسل کی بہترین کردار سازی کے لئے ہمیں سچائی، دیانت، محنت، نظم و ضبط، قانون کی پاسداری اور احساسِ ذمہ داری جیسے اسلامی شعار انکی تربیت میں شامل کرنا ہونگے تاکہ وہ سیرتِ رسول ﷺ کی روشنی سے منور اور علم و تحقیق، محنت و خدمت کے جذبات سے سر شار ہو کر ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments