6ستمبر کو کراچی میں شاہراہ قائدین پر بڑا جلسہ ہوگا،سلمان راجہ

6ستمبر کو کراچی میں شاہراہ قائدین پر بڑا جلسہ ہوگا،سلمان راجہ

وزیراعلیٰ کے پی 3 ستمبر کو سندھ آئینگے ،اجازت نہ ملی پھر بھی جلسہ کرینگے ،حلیم عادل پمز میں اموات غریب دشمن نظام کی ناکامی ، سسٹم درست کرنا ہوگا،پریس کانفرنس

کراچی (سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کو شاہراہ قائدین کراچی پر پی ٹی آئی کا بڑا جلسہ ہوگا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی 3 ستمبر کو مرکزی قیادت کے ہمراہ سندھ پہنچیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پمز میں 14 نومولود بچوں کی اموات غریب دشمن نظام کی ناکامی ہے ، ہمیں صرف نظام کی ناکامی کی نشاندہی نہیں بلکہ پورے نظام کو درست کرنا ہوگا۔ انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ملک میں غریب اور امیر کے لیے دو الگ نظام قائم ہیں، پمز میں نومولود بچوں کی اموات اسی ناکام نظام کا نتیجہ ہے ۔ اسلام آباد میں پیش آنے والا سانحہ ملک کے کسی بھی حصے میں ہوسکتا ہے ، سوال یہ ہے کہ آخر کون سا نظام ناکام ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں صرف یہ نہیں دیکھنا کہ نظام کہاں ناکام ہوا بلکہ اس نظام کو درست کرنا ہوگا جو غریب کو سپورٹ کرتا ہے ۔

ملک میں غریب اور امیر کے لیے دو الگ نظام مسلط ہیں، جہاں امیر کے بچے جاتے ہیں وہاں غریب کا بچہ نہیں جاسکتا اور غریب کی زندگی تنگ کردی گئی ہے ۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ 1980 کی دہائی تک سرکاری اسکولوں کا نظام بہتر تھا، بعد میں امیر کے بچوں کے لیے مہنگے انگلش میڈیم اسکول بنائے گئے ۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آج آواز اٹھانے والے کو اٹھا لیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غریب اپنی آواز ووٹ سے اٹھاتا ہے لیکن غریب کا ووٹ چوری کیا گیا۔ 8 فروری کو کروڑوں پاکستانیوں نے عمران خان کو ووٹ دیا اور عوام نے اپنے مستقبل کو سنوارنے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن ماضی کی طرح عوام کی آواز کو کچل دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 1980 کی دہائی میں شوگر ملیں کس نے لگائیں، کپاس کی جگہ گنے کی کاشت کو فروغ دیا گیا اور سندھ و پنجاب کے کاشتکاروں کو تباہ کیا گیا۔ آج پاکستان کا کاشتکار خوشحال نہیں ہے ۔ پاکستان میں کبھی بھی جمہوریت کو پنپنے نہیں دیا گیا۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جانے چاہئیں۔ صوبے بنانا یا صوبوں کو چھوٹا کرنا عوام کا فیصلہ ہونا چاہیے ۔ اس موقع پر پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی مرکزی قیادت کے ہمراہ 3 ستمبر کو سندھ میں داخل ہوں گے ۔ صبح 11 بجے کموں شہید بارڈر پر ان کا بھرپور استقبال کیا جائے گا۔ 4 ستمبر کو جیکب آباد سے نوشہرو فیروز، 5 ستمبر کو نوشہرو فیروز سے حیدرآباد اور 6 ستمبر کو کراچی پہنچیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر یوم دفاع ہے ، پی ٹی آئی ملک کے دفاع اور پاکستان کے عوام کی بات کرے گی۔

جلسے کی اجازت کی امید ہے ، تاہم اجازت نہ بھی ملی تو کراچی میں جلسہ ہوگا۔ حلیم عادل شیخ نے سندھ کے صحت کے نظام پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پمز میں افسوسناک صورتحال ہے جبکہ سندھ کے صحت کے نظام کی حالت بھی تشویشناک ہے ۔انہوں نے میر رضا علی کے قتل کا معاملہ بھی اٹھاتے ہوئے کہا کہ شفاف تحقیقات کے ذریعے اصل حقائق سامنے لائے جائیں اور ملزمان کو گرفتار کیا جائے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی 6 ستمبر کو کراچی کا دورہ کریں گے جبکہ شاہراہ قائدین پر پرامن عوامی جلسے کے انعقاد کی اجازت کے لیے ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی کو درخواست جمع کرا دی۔ پی ٹی آئی سندھ کے سینئر نائب صدر راجہ اظہر کے مطابق پارٹی کی مرکزی قیادت بھی 6 ستمبر کو کراچی کا دورہ کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...