عید میلادالنبی ؐ: ریلیاں، جلوس فضاؤں میں درود و سلام کی گونج
لاہور کی عمارتیں بھی جگمگا اٹھیں، دن کا آغاز 21 ،21توپوں کی سلامی سے ہوا
لاہور،اسلام آباد،کراچی (سٹاف رپورٹر ،نیوز ایجنسیاں )ملک بھر میں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیؐ کا یوم ولادت مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔ملک بھر کی فضاؤں میں درود و سلام کی صدائیں، مساجد، عمارتیں، گلیاں، محلے ، چوک، چوراہے خوبصورتی سے سجائے گئے اور آقائے دو جہاں حضرت محمدؐ سے محبت و عقیدت کا اظہار کیا گیا۔رات گئے لاہور کی عمارتیں بھی رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھیں اورلبرٹی چوک پارک میں اللہ تعالیٰ اور رسول کریمؐ کے نام چمکتے رہے ۔عید میلادالنبی ؐ پر دن کا آغاز نماز فجر کے بعد 21-21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا،ملک بھر میں جشن عید میلادالنبیؐ کی مناسبت سے ریلیاں نکالی گئیں۔
لاہور میں بھی مساجد، گھروں، سڑکوں، سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا، عید میلادالنبیؐ کی تقاریب کا اہتمام کیا گیا اور ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے اس موقع پر حرف عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ ؐ فخرموجودات ورہبر کائنات ہیں، آپ ؐ پر درود وسلام پیش کرتے ہیں ،آپ ؐ کی پیدائش عالمِ انسانیت کیلئے اللہ کریم کاسب سے بڑا انعام ہے ۔ ادھراسلام آباد کو بھی دلہن کی طرح سجایا گیا، مسجدوں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا۔ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، رحیم یارخان، بہاولپور، سرگودھا، لودھراں، جھنگ، وہاڑی، شکر گڑھ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سمیت دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی محافل میلاد کا انعقاد اور جلوس و ریلیاں نکالی گئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments