لاڑکانہ:شہر کے وسط میں کھلے مین ہول میں گرکر بچہ جاں بحق
سچل کالونی یاسین چوک کے قریب 4سالہ ساجد علی چانڈیو کھیلتے ہوئے گرا ریسکیو ٹیم نے تشویشناک حالت میں نکال کر ہسپتال منتقل کیا جہاں چل بسا
لاڑکانہ(بیورو رپورٹ)لاڑکانہ شہر کے وسط میں کھلے مین ہول نے معصوم بچے کی جان لے لی، 4 سالہ ساجد علی چانڈیو گر کر جاں بحق ہوگیا، ایک ہفتہ قبل سچل کالونی میں بھی کھلے مین ہول میں بھینس گر کر زخمی ہوگئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ شہر کے یاسین چوک کے قریب کھلے مین ہول میں گر کر چار سالہ معصوم بچہ جاں بحق ہوگیا، ریسکیو 1122 کے مطابق ساجد علی چانڈیو کھیلتے ہوئے اچانک کھلے گٹر میں جاگرا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، متوفی بچے کے والد الطاف چانڈیو نے بتایا کہ ان کا بیٹا گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ اچانک کھلے گٹر میں گرگیا، واقعے کے بعد اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ شہر میں کھلے مین ہول شہریوں، خصوصاً بچوں کے لیے خطرناک بن چکے ہیں، تاہم متعلقہ اداروں کی جانب سے حفاظتی اقدامات نہیں کیے جا رہے ، چند روز قبل سچل کالونی میں بھی ایک بھینس کھلے گٹر میں گر کر زخمی ہوگئی تھی، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر کے کھلے مین ہول فوری طور پر بند کیے جائیں تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments