مختلف علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل، تربیلا ڈیم 100 فیصد بھرچکا :حکام
اسلام آباد ،پشاور،لاہور (اے پی پی)محکمہ موسمیات کے مطابق آج 29 اگست سے 5 ستمبر تک خطہ پوٹھوہار، پختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہنے کا امکان ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھی بیشتر علاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہا تاہم خطہ پوٹھوہار ، کشمیر اوربالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر بارش ہوئی ۔ سب سے زیادہ بارش راولپنڈی (شمس آبادمیں 25، نیو کٹاریاں 19، پیرودھائی 1)، اسلام آباد (سید پور ولیج 7، گولڑہ 3)، مری 1، گڑھی دوپٹہ 17، کوٹلی 2 اورخیبرپختونخوا کے علاقہ دروش میں 1ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
جمعہ کوریکارڈ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت چلاس اور دالبندین 43، نور پور تھل، دادو ، نوکنڈی اور بونجی میں42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر پی ڈی ایم اے پختونخوا کے مطابق بالائی اضلاع کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ،مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے ۔ دوسری طرف پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق پنجاب کے تمام دریاؤں چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے تاہم نالہ پلکھو وزیر آباد کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے جبکہ تربیلا ڈیم 100 فیصد اور منگلا ڈیم 75 فیصد بھر چکا ، شہری موسم و سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments