کنسولیڈیشن، لاہور سبزی منڈی کے پرانے آرڈیننس منسوخی کے بل منظور
6دھائیاں پرانے بلزپیچیدہ طریقہ کار کے باعث ختم کئے جا رہے ہیں:بلز کے متن آٹزم سکول اینڈ ریسورس سینٹر ایکٹ 2025میں ترمیم کا بل بھی منظور کر لیا گیا
لاہور(حمزہ خورشید سے ،سیاسی نمائندہ)پنجاب حکومت نے کنسولیڈیشن آف ہولڈنگز آرڈیننس 1960 اورپنجاب ویجیٹیبل مارکیٹ (لاہور) آرڈیننس 1963کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا جبکہ پنجاب آٹزم سکول اینڈ ریسورس سینٹر ایکٹ 2025 میں ترمیم کا بل بھی منظور کر لیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی نے ایک روز قبل اجلاس میں پنجاب کنسولیڈیشن آف ہولڈنگز (ریپیل)بل 2026 اور پنجاب ویجیٹیبل مارکیٹ (لاہور)ریپیل بل 2026کی منظوری دے دی۔ پنجاب کنسولیڈیشن آف ہولڈنگز (ریپیل)بل کے متن کے مطابق پرانے قانون کو غیر ضروری تاخیر اور پیچیدہ طریقہ کار کے باعث ختم کیا جا رہا ہے ، پنجاب میں نئی کنسولیڈیشن کارروائیاں شروع کرنے پر پابندی ہوگی ،آرڈیننس منسوخ ہونے کے باوجود پہلے سے حاصل شدہ حقوق اور مراعات برقرار رہیں گی۔ زیر التوا کنسولیڈیشن سکیموں کو ایک سال کے اندر مکمل کرنا لازم قرار دیا گیا ہے جبکہ 70 فیصد سے زائد پیش رفت والی سکیمیں 180 روز کے اندر مکمل کرنا ہوں گی ۔ پنجاب کنسولیڈیشن آف ہولڈنگز (ریپیل)ایکٹ 2026 نافذ ہوتے ہی کنسولیڈیشن آف ہولڈنگز آرڈیننس 1960 منسوخ تصور ہوگا۔
اسی طرح پنجاب ویجیٹیبل مارکیٹ (لاہور)ریپیل بل کے متن کے مطابق آرڈیننس 1963 کے بنیادی مقاصد پورے ہو چکے ، اس لیے اسے مزید برقرار رکھنے کی ضرورت نہیں رہی ۔ پنجاب ویجیٹیبل مارکیٹ (لاہور)آرڈیننس 1963 لاہور میں مرکزی سبزی منڈی کے قیام کے لیے نافذ کیا گیا تھا، جس کا مقصد شہر میں مختلف مقامات پر بکھری سبزی منڈیوں کو ایک جگہ اکٹھا کرنا تھا ،آرڈیننس کی تنسیخ کے باوجود اس سے قبل کے تمام فیصلے ، اقدامات اور الاٹمنٹس بدستور قانونی طور پر مو ثر رہیں گے ۔ چیف وہپ مسلم لیگ (ن)رانا محمد ارشد نے کہا کہ آرڈیننس کی تنسیخ سے سبزی منڈی کا موجودہ نظام متاثر نہیں ہوگا۔علاوہ ازیں پنجاب آٹزم سکول اینڈ ریسورس سینٹر ایکٹ 2025 میں ترمیم کے بل 2026 میں بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کو مو ثر بنانے کیلئے ترامیم شامل کی گئی ہیں۔ بل کے متن کے مطابق چیئرمین کو کسی موزوں شخص کو بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کیلئے تحریری طور پر نامزد کرنے کا اختیار دیا جائے گا ۔ ایوان سے منظوری کے بعد بلز کی حتمی توثیق گورنر پنجاب کریں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments