پنجاب میں ناکارہ اور آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کی سکریپنگ کا فیصلہ

پنجاب میں ناکارہ اور آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کی سکریپنگ کا فیصلہ

اسمبلی میں پیش پنجاب صوبائی موٹر گاڑیاں (تیسری ترمیم)آرڈیننس متعلقہ کمیٹی کے سپرد

لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب حکومت نے صوبے میں پرانی، ناکارہ اور آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کو سکریپ کرنے کیلئے نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔ اس حوالے سے دو روز قبل جمعرات کو پنجاب اسمبلی میں پیش کردہ پنجاب صوبائی موٹر گاڑیاں (تیسری ترمیم)آرڈیننس 2026 متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ۔ گورنر پنجاب آرڈیننس کی منظوری پہلے ہی دے چکے ہیں۔آرڈیننس کے متن کے مطابق پنجاب میں پرانی اور ناکارہ گاڑیوں  کو باقاعدہ سکریپ کیا جاسکے گا۔ وہ گاڑیاں جن کی رجسٹریشن ختم یا منسوخ ہوچکی ، ناکارہ گاڑیوں میں شمار ہوں گی ، فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے والی گاڑیوں کو بھی سکریپ کیا جاسکے گا۔

ناکارہ گاڑیوں کو باقاعدہ سکریپنگ سینٹرز منتقل کیا جائے گا، جنہیں سرکاری و نجی دونوں سطح پر قائم کرنے کی اجازت ہوگی۔آرڈیننس میں پنجاب میں آلودگی پھیلانے والی پرانی گاڑیوں کے خلاف سکریپنگ کا نیا نظام متعارف کرانے کی وجہ گاڑیوں کے دھوئیں سے پیدا ہونے والی آلودگی میں کمی اور صاف ماحول کو یقینی بنانا قرار دیا گیا ہے ۔ آرڈیننس کے تحت گورنر پنجاب موٹر وہیکلز سے متعلق قانون میں تیسری بڑی ترمیم کی منظوری دے چکے ہیں۔ مذکورہ آرڈیننس سے متعلق متعلقہ کمیٹی دو ماہ میں اپنی رپورٹ ایوان میں پیش کرے گی۔ جس کے بعد آرڈیننس کو پنجاب اسمبلی سے منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...