توانائی مسائل سے متعلق سندھ حکومت ،وفاق کا جائزہ اجلاس

توانائی مسائل سے متعلق سندھ حکومت ،وفاق کا جائزہ اجلاس

نئے گیس کنکشنز کیلئے صوبے کی نوٹیفائیڈ فہرست اپ ڈیٹ کی جائے :مرادعلی شاہ صوبے کیساتھ ملکر کام کرینگے :علی پرویز ملک،شزا فاطمہ بھی وزیراعلیٰ سے ملیں

کراچی (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر توانائی (پٹرولیم ڈویژن) علی پرویز ملک نے سندھ کو درپیش توانائی کے مسائل کے حل کیلئے اہم امور کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں سندھ انرجی ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کو ہڈن بلاک کا اجرا، متروک و غیر فعال  گیس فیلڈز کی الاٹمنٹ، سوہو اور کندھکوٹ فیلڈز سے گیس کی فراہمی اور سوئی سدرن گیس کمپنی سے متعلق زیر التوا معاملات پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا سندھ کی صنعتیں توانائی کی شدید قلت کا سامنا کر رہی ہیں، متروک اور غیر فعال گیس فیلڈز صوبے کو صنعتی استعمال کیلئے الاٹ کرنے سے صنعتوں کو فوری ریلیف اور روزگار کے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے ہڈن بلاک (2767-3) کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا سندھ انرجی ہولڈنگ کمپنی نے مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں اور پٹرولیم ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن پالیسی 2012 کے تحت فروری 2025 میں درخواست جمع کرائی تھی، تاہم متعدد بار خط و کتابت کے باوجود معاملہ تاحال زیر التوا ہے۔

سندھ تمام قانونی و ضابطے کی تقاضے پورے کرچکا ہے اور موجودہ پالیسی فریم ورک کے تحت بلاک حاصل کرنے کا حق رکھتا ہے ۔اجلاس میں سوئی سدرن گیس کمپنی سے متعلق کراچی کے گڈاپ میں سرکاری اراضی کمپنی کو خدیجی بیس کیمپ کے قیام کیلئے لیز پر دینے اور نئے گیس کنکشنز کیلئے سندھ کے دیہی و شہری علاقوں کی نوٹیفائیڈ فہرست اپ ڈیٹ کرنے کے امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر توانائی علی پرویز ملک نے سندھ حکومت کے مسائل کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا پٹرولیم ڈویژن ہر تجویز کا بغور جائزہ لے گا اور عملی و باہمی طور پر فائدہ مند حل کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے ملاقات کی جس میں ڈیجیٹل نیشن پاکستان فریم ورک، نیشنل ڈیجیٹل کمیشن، نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان، ڈیٹا گورننس، مصنوعی ذہانت اور سندھ کے ڈیجیٹل اقدامات کو قومی ڈیجیٹل ایجنڈے سے ہم آہنگ کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...