جڑواں شہروں اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان
بیشترمیدانی علاقوں میں موسم گرم مرطوب رہنے ، درجہ حرارت بڑھنے کا امکان
اسلام آباد (اے پی پی)قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارہ (این ڈی ایم اے ) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 30اگست تا 4ستمبر کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں موسمی صورتحال جاری کر تے ہوئے کہا کہ اس دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں کہیں کہیں گرج چمک اورآندھی کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔ مری، راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، خوشاب، سرگودھا اور گجرات میں بارش کا امکان ہے ، پنجاب کے بیشترمیدانی علاقوں میں موسم گرم مرطوب رہنے جبکہ دن کے درجہ حرارت میں اضا فہ کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، آندھی اور چند مقامات پر بارش متوقع ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔دیر، چترال، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر اور مانسہرہ سمیت ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، کرم، وزیرستان اور دیگر علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے ۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، آندھی اور بارش متوقع ہے اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔ گلگت، سکردو، ہنزہ، غذر، دیامر، استور، مظفرآباد، نیلم ویلی، پونچھ، باغ، میرپور، کوٹلی اور بھمبر میں بارش متوقع ہے ۔این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے پیشگی آگاہ کر دیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments