محسن نقوی کا دورہ کراچی ایئر پورٹ ، امیگریشن سسٹم ڈاؤن
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک، خبر ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا دورہ کر کے کاؤنٹرز پر امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا۔
وزیر داخلہ کے دورے کے دوران امیگریشن سسٹم ڈاؤن ہو گیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے امیگریشن سسٹم کی خرابی فوری دور کرنے کی ہدایت کی۔ وہ بیرون ممالک جانے والے مسافروں سے ملے اور امیگریشن پراسیس کے بارے میں پوچھا۔اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ سسٹم ڈاؤن ہونے کی صورت میں متبادل انتظام کا بندوبست رکھا جائے ، امیگریشن پراسیس کسی صورت رکنا نہیں چاہیے ۔وزیر داخلہ نے جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نامکمل اور بغیر تصدیق شدہ دستاویزات کے حامل مسافر کو کسی صورت سفر کی اجازت نہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عوامی مرکز پاسپورٹ آفس کا دورہ بھی کیا اور شہریوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ آفس میں سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔اس موقع پر انہوں نے شہریوں سے ٹوکن کے اجرا سے باری آنے تک کے انتظار کے وقت کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ شہریوں نے پاسپورٹ بنوانے کے نظام کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔شہریوں نے وفاقی وزیر داخلہ سے گفتگو میں بتایا کہ پاسپورٹ کی تجدید کے لیے آئے تھے اور چند منٹ میں کام ہو گیا، نہ کوئی مشکل پیش آئی اور نہ انتظار کرنا پڑا۔محسن نقوی نے کہا کہ پاسپورٹ آفس عوامی مرکز کو شہریوں کی سہولت کے لیے مزید کشادہ کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments