لارک جریرے پر دھماکے،متعدہ ہلاکتیں،میزائل لانچرز کو نشانہ بنایا:امریکا،جوابی کارروائی کرینگے:ایران
ایک ماہ بعد پہلی کارروائی کی ، امریکی فورسز علاقے کی کڑی نگرانی کر رہی ہیں ، اہم آبی گزرگاہ سے تجارتی سرگرمیوں کی آزادانہ آمدورفت یقینی بنانے کیلئے ہر وقت تیار:امریکا اسرائیل کی پھر حملے کی دھمکی، مضبوطی سے کھڑے :ایرانی صدر ،خلیجی ممالک حقیقی دشمن سے لڑیں،مسلم ممالک امریکا اور اسرائیل کیخلاف متحد ہوجائیں:ایرانی سپریم لیڈر
تہران،واشنگٹن(نیوز ایجنسیاں)امریکی عہدیدار نے کہا ہے کہ فوج نے اتوار کو ایران کے جزیرے لارک کو نشانہ بنایا، جہاں ایرانی فورسز کو آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں نصب کرنے والے میزائل داغنے کی تیاری کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ یہ ایک ماہ سے زائد عرصے بعد امریکا کی جانب سے ایران پر کیا جانے والا پہلا حملہ ہے ۔امریکی عہدیدار نے بتایا کہ فورسز نے جزیرے پر موجود ایران کے دومیزائل لانچرز کو نشانہ بنایا۔ ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق مقامی رہائشیوں نے اتوار کو جزیرہ لارک کے قریب دھماکے کی آواز سنی۔جزیرہ لارک آبنائے ہرمز کے قریب واقع ہے ، جو عالمی سطح پر تجارت کیلئے ایک انتہائی اہم بحری گزرگاہ ہے اور خطے میں جاری کشیدگی اور سفارتی کوششوں کا مرکز رہی ہے ۔ٹرمپ انتظامیہ کے مطابق امریکی سنٹرل کمانڈ نے گزشتہ ہفتے آبنائے ہرمز کے بین الاقوامی بحری راستوں سے سمندری بارودی سرنگیں صاف کرنے کا کام مکمل کیا تھا۔ امریکی عہدیدار نے کہا کہ امریکی فورسز علاقے کی کڑی نگرانی کر رہی ہیں اور اس اہم آبی گزرگاہ کے ذریعے تجارتی سرگرمیوں کی آزادانہ آمدورفت یقینی بنانے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔ایران کے اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی)نے کہا ہے کہ جوابی کارروائی کرینگے ۔
آئی آر جی سی نے جزیرہ لارک پر حملے کا الزام امریکا اور اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں ایرانی فورسز اور شہریوں کو جانی نقصان پہنچا ہے ۔ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی پر نشر کیے گئے بیان میں آئی آر جی سی نے کہا کہ حملے کے نتیجے میں ہمارے متعدد اہلکار اور ہم وطن شہید اور زخمی ہوئے ۔برطانوی میری ٹائم ایجنسی یوکے ایم ٹی او نے کہا ہے کہ ہفتے کو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ایک ٹینکر کو کسی نامعلوم پروجیکٹائل کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔یو کے ایم ٹی او نے ایک ایڈوائزری نوٹ میں بتایا کہ یہ واقعہ عمان کے علاقے خصب سے 12 ناٹیکل میل شمال میں پیش آیا۔ ایجنسی نے مزید واضح کیا کہ اس حملے کے نتیجے میں تاحال کسی قسم کے جانی نقصان یا ماحولیاتی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔دوسری جانب ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے مشرق وسطیٰ جنگ کے آغاز کے چھ ماہ مکمل ہونے پر خطے کے مسلم ممالک پر امریکا اور اسرائیل کے خلاف متحد ہونے پر زور دیا ہے ۔ ایرانی سپریم لیڈر نے اپنے تحریری پیغام میں کہا کہ اسلامی ممالک کے مسائل کا حل باہمی اتحاد، دوستی اور نیک مقصد کیلئے تعاون میں ہے ۔ مجتبیٰ خامنہ ای نے خلیجی ممالک کے حکمرانوں پر زور دیا ہے کہ وہ حقیقی دشمن سے لڑیں، اپنے حقیقی دشمن کی شناخت کریں،اس کے منصوبوں کو سمجھیں اور مقابلہ کریں۔امریکی اور اسرائیلی مجرم حکمران صرف ایران کے نہیں تمام مسلم امہ کے دشمن ہیں۔ مجتبیٰ خامنہ ای 28 فروری کو جنگ کے آغاز پر اپنے والد علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد سپریم لیڈر بنے تھے ، تاہم تقرری کے بعد سے وہ عوامی سطح پر نظر نہیں آئے اور حکام نے ان کی کوئی ویڈیو یا آڈیو بھی جاری نہیں کی۔
اسرائیل نے ایران پر ایک بار پھر حملے کی دھمکی دے دی۔اسرائیلی وزیر توانائی ایلی کوہن نے اسرائیلی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے جوہری یا بیلسٹک میزائل بنائے تو ایران پر دوبارہ حملہ کریں گے ۔ ایران امریکا سے معاہدہ کر بھی لے تو بھی جوہری ہتھیار بنانے پر ایران پر حملہ کریں گے ، ایران جوہری پروگرام دوبارہ شروع کرنے کی غلطی دُہرائے گا تو نشانہ بنائیں گے ۔ایلی کوہن نے کہا کہ اگر اسرائیل نے حملہ نہ کیا ہوتا تو ایران جوہری ہتھیار حاصل کر چکا ہوتا، امریکا و اسرائیل کے حملوں نے ایرانی جوہری پروگرام دو، چار سال پیچھے دھکیل دیا ہے ۔ایلی کوہن نے کہا کہ اسرائیل اپنی فوجی صلاحیت پہلے ہی ثابت کرچکا ہے ۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے تہران میں بنیادی ڈھانچے کے متعدد منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی طاقت کیلئے اس قوم کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنا ممکن نہیں جو مزاحمت کے پختہ عزم کے ساتھ کھڑی ہو۔ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران نے جنگ شروع نہیں کی اور نہ ہی ہم جنگ کے خواہاں ہیں، لیکن کسی بھی جارح کے خلاف پوری قوت کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہوں گے اور ایران دھمکیوں کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ اگر دنیا میں امن اور استحکام قائم کرنا ہے تو یہ امن ہمارے خطے کے اندر سے ہی جنم لے گا۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا امریکا بھولے میڈیا کے ذریعے توانائی مارکیٹ میں ہیرا پھیری کرکے جنگ کو طوالت دینے کی کوشش کر رہا ہے ، اسرائیل سے جڑے عناصر امید افزا جائزے پیش کر رہے ہیں تاہم صورتحال کا اصل بوجھ امریکی صارفین اٹھا رہے ہیں۔ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی آمدورفت کے انتظامات کے حوالے سے عمان کے ساتھ اتفاق رائے کر لیا ہے ، تاہم جب تک امریکا اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرتا آبنائے ہرمز دوبارہ نہیں کھولی جائے گی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق کاظم غریب آبادی کا کہنا تھا کہ ایران کو آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کی کوئی جلدی نہیں اور وہ اپنے دفاعی اقدامات اور خطرات کا مقابلہ کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا۔ اگر امریکا سفارت کاری کی راہ پر واپس آنے میں دلچسپی رکھتا ہے تو اسے اپنے ماضی کے اقدامات کی ذمہ داری قبول کرنا ہوگی۔کاظم غریب آبادی نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز بدستور بند ہے ، اگرکوئی بحری جہاز اس راستے سے گزرے گا تو وہ ایران کے ساتھ رابطے اور اس کی اجازت کے بعد ہی گزرے گا۔ ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل سید مجید ابن الرضا نے کہا ہے کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کا عمل جاری رکھے گا اور اس میں کوئی تعطل نہیں آئے گا۔ مسلح افواج ایک مضبوط ایران کے قیام کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی۔ایرانی فوج کے کمانڈر انچیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ غیر ملکی دشمن ایران کے خلاف اپنے کسی بھی سٹریٹجک مقصد کو حاصل نہیں کر سکے ۔ شہدا کی یاد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر حاتمی نے کہا کہ دشمنوں کیخلاف بھر پور طاقت کیساتھ کھڑے ہیں ،جنگ میں کامیابی کا معیار یہ ہے کہ دشمن کو اپنے مقاصد حاصل کرنے سے روکا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ایران کے دفاعی ڈھانچے کو تباہ کرنے کی کوششوں کے باوجود ایرانی مسلح افواج نے جنگ کے آخری لمحات تک پوری قوت سے میزائل اور ڈرونز استعمال کیے ۔امیر حاتمی نے ایرانی دفاعی قوت کو کمزور کیے جانے سے متعلق بیرونی دعووں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا دشمن خود جانتا ہے کہ ایرانی مسلح افواج اب بھی طاقت، عزم، جدت اور بہادری کے ساتھ ڈٹی ہوئی ہیں۔
ایران کی بحری فوج کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی کا کہنا ہے کہ دشمن نے ایرانی عوام اور مسلح افواج کے عزم و ارادے کا انتہائی غلط اندازہ لگایا، ایرانی بحریہ اپنے شہدا کے خون سے مزید قوت حاصل کرے گی، ایرانی بحریہ مزید عزم و حوصلے ، پختہ ارادے کے ساتھ آگے بڑھتی رہے گی۔ عراقی وزیراعظم کے سکیورٹی مشیر قاسم الاعرجی نے کہا ہے کہ عراق ایران اور امریکا کے درمیان رابطے کا ذریعہ بننے اور دونوں ممالک کے درمیان کسی ایسے معاہدے کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کررہا ہے جو پورے خطے کے حقوق اور مفادات کو یقینی بنائے ۔ قاسم الاعرجی نے کہا کہ عراق کے ایران اور امریکا دونوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور وہ ان تعلقات کو استعمال کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرنا چاہتا ہے ۔امریکی فوج کے اعلیٰ حکام نے سیکرٹری دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو خبردار کیا ہے کہ ایران کیخلاف بڑے پیمانے پر جاری فوجی آپریشنز کو مزید طول دینا خطرناک ہوسکتا ہے ۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق اس اقدام سے امریکی سرزمین سمیت دنیا کے دیگر خطوں میں موجود خطرات سے نمٹنے کی امریکی عسکری صلاحیت کے کمزور ہونے کا شدید خطرہ ہے ۔امریکی اخبار کے مطابق سیکرٹری دفاع کیلئے تیار کی گئی ایک حالیہ خفیہ رپورٹ سے واقف ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ انتباہ آرمی، نیوی اور ایئر فورس کے سربراہان کے ساتھ ساتھ یورپ، ایشیا اور لاطینی امریکا میں امریکی آپریشنز کی نگرانی کرنے والے فور سٹار کمانڈرز کی جانب سے دیا گیا ہے اور اس کا اظہار 14 اگست کو جاری ہونے والی خفیہ سیکرٹری آف ڈیفنس آرڈرز بک کے ایڈیشن میں کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments