افتخار گیلانی کی نواز،شہباز سے ملاقات :آزادکشمیر میں100روزہ اصلاحاتی پروگرام پر مشاورت
لیگی قائدین کا عوامی مسائل کے فوری حل پر زور ،وزیراعظم آزاد کشمیر کا انٹرنیٹ سروس کی مرحلہ واربحالی کا اعلان وفاق ہر ممکن تعاون فراہم کریگا:شہبازشریف ،آزاد کشمیر کے داخلی و خارجی راستے دو روز میں بحال کرد ینگے :گیلانی
لاہور(نیوزایجنسیاں )صدر مسلم لیگ ن نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف سے آزادکشمیر کے نومنتخب وزیراعظم افتخار گیلانی نے ملاقات کی جس میں عوام کے مسائل کے فوری حل پر زور دیا گیا۔ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی طارق فاروق بھی شریک ہوئے ، صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی اور سپیکر طارق فاروق کو مبارک باد دی۔صدر مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر میں صحت، تعلیم، صفائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں بہتری کیلئے پہلے 100 دنوں پر مشتمل اصلاحاتی منصوبہ وزیرِاعظم آزاد کشمیر کے ساتھ شیئر کیا اور آزاد جموں و کشمیر کو جدت اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی ہدایت کی۔میاں نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام سے انتخابی مہم میں جو وعدے کئے تھے ، اب انہیں عملی شکل دینے کا وقت آگیا ہے ، میں نے آزاد کشمیر کے عوام سے کہا تھا مسلم لیگ ن کی حکومت ان کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لائے گی۔ آزاد کشمیر میں صحت اور تعلیم کی معیاری سہولیات، بہتر سڑکیں اور بنیادی انفراسٹرکچر عوام کا حق ہے ، آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں تک ترقی کے ثمرات پہنچنے چاہئیں، صرف بڑے شہروں تک ترقی محدود نہیں رہنی چاہئے ۔
نوجوانوں کیلئے تعلیم، ہنر اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں، 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام میں ایسے اقدامات شامل کیے جائیں جن کا فائدہ براہ راست عام شہری کو پہنچے ، جو وعدے آزاد کشمیر کے عوام سے کئے گئے ، ان کی تکمیل کی رفتار اور پیش رفت کی باقاعدہ نگرانی کی جائے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر حکومت کو وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ آزاد کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے اقدامات کیلئے وفاق ہر ممکن وسائل اور تعاون فراہم کرے گا ، وزیراعظم آزاد کشمیر 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی اور سپیکر طارق فاروق نے اعتماد کا اظہار کرنے پر ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ادھرنومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے مرکزی ایوان صحافت کے پہلے دورے کے موقع پر کہا کہ آزاد کشمیر کے داخلی اور خارجی راستے دو روز میں بحال کرد یئے جائیں گے ،انٹرنیٹ سروس بھی مرحلہ وار بحال کی جائے گی، پہلے مرحلے میں تعلیمی اداروں کیلئے آئندہ دو روز کے دوران انٹرنیٹ سروس کھول دی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments