عمران کے دونوں بیٹے جب چاہیں پاکستان آسکتے ہیں :خواجہ آصف
سلیمان اور قاسم کے نائیکوپ مو ثر ہیں، انہیں ویزے کی ضرورت ہی نہیں:بیان وزیر دفاع کا لاہور ایئرپورٹ کا دورہ، مسافروں کی سہولیات کا جائزہ ،ہدایت جاری
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹے سلیمان خان اور قاسم خان آخری بار 2022 میں نائیکوپ پر پاکستان آئے تھے اور آج بھی اگر وہ چاہیں تو پاکستان آسکتے ہیں، نائیکوپ رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو پاکستان آنے کیلئے ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ایکس پرخواجہ آصف نے کہاکہ دونوں کے نائیکوپ کارڈز موجود ہیں،سلیمان خان کا 6 جنوری 2030 تک اورقاسم خان کانائیکوپ 8 نومبر 2032 تک مو ثر ہے ۔ اس لئے ان کے خاندان یا پی ٹی آئی کی جانب سے یہ تاثر دینا غلط ہے کہ حکومت انہیں ویزا نہیں دے رہی کیونکہ نائیکوپ موجود ہونے کی صورت میں انہیں پاکستان آنے کیلئے ویزے کی ضرورت نہیں ۔ادھر وزیر دفاع خواجہ آصف نے گزشتہ روز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا دورہ کیا اور مسافروں کی سہولت کے انتظامات اور جاری بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اے ایس ایف سیکنڈ ہولڈ (انٹرنیشنل)ایریا کے دورے کے دوران وزیر دفاع نے خواتین مسافروں کی طویل قطار کا مشاہدہ کیا اور اضافی سرچ کاؤنٹرز کھولنے کی ہدایت کی۔خواجہ آصف نے نئے تعمیر شدہ امیگریشن ایریا کے کاؤنٹرز کا بھی معائنہ کیا ۔ بعد ازاں انہوں نے زیر تعمیر ڈومیسٹک ڈیپارچر ایریا کا دورہ کیا اور ڈیپارچر ڈراپ آف لین پر ٹریفک کے رش پر تشویش کا اظہار کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments