ملک سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ کسی سے نہیں لیں گے :فضل الرحمن

 ملک سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ کسی سے نہیں لیں گے :فضل الرحمن

اضلاع اور ڈویژن بنانے سے پہلے مناسب تیاری اور ماحول کا جائزہ لینا ہوگا: خطاب قانون کی ڈگریوں میں قرآن و حدیث کا باقاعدہ حصہ موجود نہیں:سربراہ جے یو آئی

سکھر(مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں غداری اور وفاداری کیلئے مقرر کردہ معیار تسلیم نہیں کرینگے ، اگر اضلاع اور ڈویژن بنانے ہیں تو پہلے یہ دیکھنا ہوگا کہ اس کیلئے مناسب تیاری اور ماحول موجود ہے یا نہیں۔سکھر میں جمعیت علماء اسلام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک صرف کسی ایک فرد یا طبقے کا نہیں، ہمارا بھی ہے ، ملک سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ کسی سے نہیں لیں گے اور نہ ہی کسی کو وفاداری کا معیار مقرر کرنے کا اختیار ہے ۔ صوبوں کی تقسیم سے متعلق سوال پر کہاکہ کسی معاملے پر لکیر کھینچنے کے بجائے اسے اصولی بنیادوں پر پرکھنا چاہیے ۔ اگر اضلاع اور ڈویژن بنانے ہیں تو پہلے یہ دیکھنا ہوگا کہ اس کیلئے مناسب تیاری اور ماحول موجود ہے یا نہیں، کیا اس معاملے کو چھیڑنے کیلئے بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے ؟ختم نبوتؐ کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں قرآن و حدیث کے ایسے حوالے پیش کیے گئے جن سے علماء متفق نہیں، جس کے باعث عدالت ایک مشکل صورتحال میں پھنس گئی۔ قانون سے عدالت اور وکیل سے جج تک پورے نظام کی بنیاد ایل ایل بی اور ایل ایل ایم کی ڈگریوں پر ہے ، تاہم قانون کی ڈگریوں میں قرآن و حدیث کا کوئی باقاعدہ حصہ موجود نہیں، عوام کو حکمران کے صحیح یا غلط ہونے کی بحث میں الجھا دیا گیا ہے ۔ ملک میں حکمرانی کی بات ہو تو بحث زرداری سے نواز شریف اور نواز شریف سے زرداری تک محدود ہوجاتی ہے ۔ جمعیت علماء اسلام کا مقصد مفاداتی یا معروضی سیاست نہیں بلکہ اللہ کے کلمے کو سربلند کرنا اور ملک میں اسلام کے عادلانہ نظام کا قیام ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...