پمز اہم عہدوں پرتقرریاں، ڈاکٹر سلمان ای ڈی تعینات
ڈاکٹر الطاف جوائنٹ ای ڈی نان میڈیکل ، نزہت جوائنٹ ای ڈی چلڈرن ڈاکٹر شمائلہ ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ امراضِ نسواں و زچگی ، تعیناتیاں تین ماہ کیلئے ہونگی کمیٹیوں کی ابتدائی رپورٹس پر ہنگامی بنیادوں پر عمل درآمد ترجیح، ڈاکٹر سلمان
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وزارت قومی صحت نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز)اسلام آباد میں مختلف اہم عہدوں پر تعیناتیوں اور اضافی چارج کے احکامات جاری کر د ئیے ہیں، جن کے تحت نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے چیف ایگزیکٹو افسر سمیت متعدد ڈاکٹروں اور افسران کے تقرر و تبادلے کیے گئے ہیں ،ڈاکٹر سلمان نے ای ڈی کا چارج سنبھال لیا ،احکامات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد کے چیف ایگزیکٹو افسر ڈاکٹر محمد سلمان کی خدمات پمز کے سپرد کرتے ہوئے انہیں ایگزیکٹو ڈائریکٹر (بی ایس-21) کے عہدے پر ڈیپوٹیشن پر تعینات کر دیا گیا ۔ انہیں این آئی ایچ کے چیف ایگزیکٹو افسر کا اضافی چارج بھی سونپا گیا ہے ۔پمز کے شعبہ ای این ٹی کے پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین (بی ایس-20) کو تین ماہ کے لئے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر (بی ایس-20) نان میڈیکل کا اضافی چارج ،جبکہ شعبہ اطفال (پیڈیاٹرک میڈیسن) کی پروفیسر ڈاکٹر نزہت یاسمین (بی ایس-20) کو چلڈرن ہسپتال کے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر (بی ایس-20) کا اضافی چارج دیا گیا۔
شعبہ امراضِ نسواں و زچگی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شمائلہ (بی ایس-19) کو تین ماہ کے لیے پروفیسر و ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ امراضِ نسواں و زچگی (بی ایس-20)، ایم سی ایچ کا کرنٹ چارج دیا گیا ہے ، شعبہ اطفال کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر رحمانہ وارث (بی ایس-18) کو تین ماہ کیلئے چلڈرن ہسپتال میں ایسوسی ایٹ پروفیسر اطفال کا کرنٹ چارج تفویض کیا گیا ،شعبہ اطفال کی میڈیکل افسر ڈاکٹر امینہ (بی ایس-17) کو شعبہ امراضِ نسواں و زچگی، ایم سی ایچ میں سینئر رجسٹرار (بی ایس-18) کا کرنٹ چارج دیا گیا ہے ، شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی میں بطور اسسٹنٹ رجسٹرار (یو جی)حسن اشرف (بی ایس-17) کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر سکیورٹی (بی ایس 17) کا اضافی چارج سونپا گیا ، تعیناتیاں تین ماہ کیلئے ہیں ، چارج سنبھالنے کے بعد ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان نے کہا کہ ہسپتال کو درپیش مشکلا ت اور چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں ، انہوں نے کہا کہ کہ ان کی اولین ترجیح انکوائری کمیٹیوں کی ابتدائی رپورٹس پر فوری اور ہنگامی بنیادوں پر عمل درآمد کرنا ہے تاکہ مریضوں کی حفاظت اور دیکھ بھال کا نظام یقینی بنایا جا سکے ۔ ڈاکٹر سلمان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران پمز میں ہونے والے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کے لیے درست اقدامات پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا جا رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ، وہ اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے اور ہسپتال میں تمام ممکنہ خطرات اور خامیاں دور کی جائیں گی جو ایسے واقعات کا سبب بنتی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments