ماربل صنعت بحران کا شکار، بیروزگاری بڑھنے کا خدشہ

ماربل صنعت بحران کا شکار، بیروزگاری بڑھنے کا خدشہ

بھاری ٹیکسز، مہنگی بجلی اور طویل لوڈشیڈنگ سے کاروبار چلانا دشوار ایسوسی ایشن کا ریلیف پیکیج ، بجلی چوری کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

کراچی(بزنس ڈیسک)ماربل اور اسٹون صنعت شدید بحران کا شکار ہوگئی ، بھاری ٹیکسز، مہنگی بجلی، خام مال کی بڑھتی قیمتوں اور کاروباری اخراجات میں اضافے کے باعث صنعت کاروں اور تاجروں کے لیے کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوگیا ، بحران برقرار رہنے کی صورت میں بیروزگاری میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔چیئرمین آل پاکستان ماربل انڈسٹری ایسوسی ایشن بلال خان، سندھ بلوچستان زون کے زونل وائس چیئرمین راحت شاہ اور دیگر رہنماؤں نے ماربل اور اسٹون صنعت کو درپیش سنگین مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں سے فوری اور عملی اقدامات کا مطالبہ کیا۔

رہنماؤں نے کہا کہ مائننگ کے پیچیدہ طریقہ کار، خام مال کی قیمتوں میں مسلسل اضافے ، بھاری ٹیکسز، بجلی کے مہنگے نرخ، کاروباری اخراجات میں اضافے اور مارکیٹ میں جاری سست روی نے صنعت کاروں اور تاجروں کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے ۔انہوں نے بالخصوص کراچی کے منگھوپیر ماربل انڈسٹریل ایریا میں بجلی چوری اور طویل لوڈشیڈنگ کو صنعت کے لیے انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری کی مؤثر روک تھام نہ ہونے کا خمیازہ قانونی طور پر بجلی کے بل ادا کرنے والے صنعتی صارفین کو نہیں بھگتنا چاہیے ۔آل پاکستان ماربل انڈسٹری ایسوسی ایشن سندھ بلوچستان زون کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور مؤثر کارروائی کی جائے ۔تاجر رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ ماربل اور اسٹون صنعت کے لیے خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...