10سال کے دوران اسلام آباد اتوار بازارمیں آتشزدگی کے 8واقعات

10سال کے دوران اسلام آباد اتوار  بازارمیں آتشزدگی کے 8واقعات

اسلام آباد (حریم جدون )ایچ نائن اتوار بازار گزشتہ ایک دہائی کے دوران بار بار آتشزدگی کے واقعات کی زد میں رہا، 2017 سے 2026 کے دوران بازار میں آگ لگنے کے 8 واقعات پیش آئے ، جن میں سرکاری اثاثوں اور سٹال ہولڈرز کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

وزارت داخلہ نے تفصیلی رپورٹ سینیٹ میں جمع کرا دی ۔وزارت داخلہ کے مطابق 23 اگست 2017 کو لگنے والی آگ سے 611 سٹالز متاثر ہوئے اور تقریباً 22 کروڑ روپے کا مالی نقصان ہوا۔ اس کے بعد 18 جولائی 2018 کو آتشزدگی کے نتیجے میں لنڈا اور قالین کے 100 سٹالز متاثر ہوئے اورتقریباً 3 کروڑ روپے ،15 اکتوبر 2018 کو 26 سٹالز کو آگ لگنے سے تقریباً 40 لاکھ روپے ،29 اکتوبر 2019 کو 302 سٹالز جلنے سے 15 لاکھ ،30 اپریل 2022 کو 22 سٹالز کو آگ لگنے سے 50 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔ اسی سال 7 دسمبر کو 133 سٹالز جل گئے جس سے 70 لاکھ،پھر 10 جولائی 2024 کو 625 سٹالز کو آگ لگنے سے تقریباً 28 کروڑ روپے کا بھاری مالی نقصان ہوا۔تازہ ترین واقعہ 22 اور 23 جون 2026 کی درمیانی شب پیش آیا جب380 سٹالز متاثر ہوئے اور 6 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔وزارت داخلہ کے مطابق آتشزدگی سے متاثرہ سٹال ہولڈرز کو کسی قسم کا سرکاری معاوضہ ادا نہیں کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی رپورٹ میں آتشزدگی کی بنیادی وجہ بازار بند ہونے کے بعد سٹال ہولڈرز کی جانب سے سامان نہ ہٹانے کو قرار دیا گیا ہے ،یوں ایک دہائی میں بار بار ہونے والی آتشزدگیوں، کروڑوں روپے کے نقصانات اور متاثرین کو سرکاری معاوضہ نہ ملنے نے ایچ نائن اتوار بازار کی حفاظتی انتظامات اور فائر سیفٹی نظام پر سنجیدہ سوالات اٹھا دیئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...