وفاقی دارالحکومت میں سول ملازمین کی تعداد 5لاکھ 39ہزار
وفاقی افسروں اور ملازمین کامجموعی تناسب 18ملازمین پرایک افسرکی تعیناتی ہے سیکرٹریٹ میں ہر چار ملازمین پر اورسول آرمڈفورسز میں 90ملازمین پر ایک افسر
اسلام آباد (ایس ایم زمان)وفاقی حکومت کے یکم جولائی 2024 تک کے اعدادوشمار کے مطابق 1 تا گریڈ 22کے سول ملازمین کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ 39ہزار 81ہے ۔ اعداد و شمار کے مطابق بنیادی سکیل ایک سے سولہ تک پانچ لاکھ 11 ہزار 212 جبکہ 17 سے 22 گریڈ کے 27 ہزار 869 ملازمین ہیں۔ وفاقی پاک سیکرٹریٹ میں 13 ہزار 133 ملازمین کام کر رہے ہیں، وفاقی سیکرٹریٹ میں ہر چار ملازمین پر ایک افسر تعینات ہے جو وفاقی وزارتوں میں افسران کی تعداد کا تناسب زیادہ ظاہر کرتا ہے ، مجموعی طور پر وفاقی افسران اور ملازمین کا تناسب 18 ملازمین پر ایک افسر کی تعیناتی ہے ،جبکہ سول آرمڈفورسز میں 90 ملازمین پر ایک افسر کا تناسب ہے ، جن میں سے 10 ہزار 563 گریڈ 1 تا 16 اور 2 ہزار 570 گریڈ 17 تا 22 کے افسران شامل ہیں، وفاقی وزارتوں کے ماتحت محکموں میں ملازمین کی کل تعداد 2لاکھ 25 ہزار 98 ہے ، جن میں دو لاکھ 5 ہزار 315 گریڈ 1 تا 17 اور 19 ہزار 783 گریڈ 17 تا 22 کے افسران کام کر رہے ہیں۔ سول آرمڈ فورسز میں مجموعی طور پر دو لاکھ 29 ہزار 472 اہلکار تعینات ہیں، جن میں دو لاکھ 26 ہزار 952 گریڈ 1 تا 16 جبکہ 2 ہزار 520 گریڈ 17 تا 22 میں ہیں۔ وفاقی وزارتوں کے ماتحت محکموں میں 62 ہزار 99 اور آئینی اداروں میں 9 ہزار 279 ملازمین اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
رپورٹ میں افسران اور ماتحت عملے کے تناسب کے مطابق سول آرمڈ فورسز میں یہ تناسب سب سے زیادہ ہے ، جہاں ایک افسر کے مقابلے میں 90 ماتحت اہلکار کام کر رہے ہیں یعنی تناسب 1:90 ہے ۔ سول آرمڈ فورسز کے ماتحت دفاتر میں یہ تناسب 1:49 ہے ، جبکہ وفاقی وزارتوں کے محکموں میں ہر ایک افسر کے مقابلے میں 10 ماتحت ملازمین یعنی تناسب 1:10 ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ وفاقی سیکرٹریٹ اور آئینی اداروں میں افسران اور عملے کا تناسب سب سے کم یعنی 1:4 ہے ، جس کے مطابق اداروں میں افسران کی نسبتاً زیادہ تعداد موجود ہے ۔ وفاقی حکومت میں مجموعی طور پر افسران اور عملے کا تناسب 1:18 ہے ۔رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت میں کام کرنے والی خواتین ملازمین کی مجموعی تعداد 27 ہزار 784 ہے ، جن میں سے 6 ہزار 852 بنیادی سکیل 17 سے 22 میں خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ سی ایس ایس امتحانات کے ذریعے بھرتی ہونے والے مختلف آکوپیشنل گروپس میں کام کرنے والے کل افسران کی تعداد 6 ہزار 784 ہے ۔ مذکورہ سروس گروپس میں ان لینڈ ریونیو اور کسٹم گروپ سب سے زیادہ ، جس کا حصہ کل تعداد میں 17.82 فیصد یعنی ایک ہزار 209 افسران پر مشتمل ہے ۔ آکوپیشنل گروپس میں کام کرنے والی خواتین افسران کی تعداد ایک ہزار 591 ہے ، جن میں سے ان لینڈ ریونیو اور کسٹمز سروس گروپ میں 317 خواتین افسران خدمات سرانجام دے رہی ہیں، جو اس گروپ میں 19.92 فیصد ہیں۔ وفاقی محکموں میں مجموعی طور پر 2 ہزار 293 معذور افراد بھی بطور ملازم اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ وفاقی حکومت کے کل ملازمین میں سب سے زیادہ تعداد بنیادی سکیل 5 کے ملازمین کی ہے ، جو مجموعی افرادی قوت کا 19.31 فیصد بنتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments