پمز آتشزدگی، مکمل رپورٹ تک 8معطل افسروں کیخلاف کارروائی مؤخر
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزارت قومی صحت نے پمز ہسپتال آتشزدگی واقعے میں معطل ہونے والے افسران کے خلاف مکمل تحقیقاتی رپورٹ موصول ہونے تک محکمانہ اور فوجداری کارروائی شروع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سابق سیکرٹری داخلہ شاہد خان کی سربراہی میں قائم تحقیقاتی کمیٹی کی مکمل رپورٹ پانچ روز میں وزیراعظم کو بھجوائی جائے گی۔ کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ کی سفارشات پر وزیراعظم نے دو روز قبل ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز سمیت آٹھ افسران کو معطل کیا تھا۔کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں مذکورہ افسران کے خلاف فوجداری کارروائی کی ہدایت بھی دی گئی تاہم وزارت قومی صحت نے تاحال ان کے خلاف باضابطہ محکمانہ یا فوجداری کارروائی کے احکامات جاری نہیں کیے ۔وزارت قومی صحت نے مذکورہ افسران کے خلاف فوجداری کارروائی کے لیے قانونی اقدامات بھی شروع نہیں کیے جبکہ معطل افسران کو تاحال چارج شیٹ اور الزامات کی فہرست جاری نہیں کی گئی۔ذرائع کے مطابق وزارت نے افسران کے خلاف کارروائی کے لیے انکوائری افسر اور مجاز اتھارٹی بھی مقرر نہیں کی ۔سیکرٹری وزارت قومی صحت کیپٹن (ر) محمد محمود نے روزنامہ دنیا کے سوال کے جواب میں کہا کہ مکمل تحقیقاتی رپورٹ موصول ہونے کے بعد فوجداری کارروائی شروع کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments