آزادکشمیر4:اضلاع مکمل، 4میں جزوی انٹرنیٹ سروس بحال
مظفرآباد، جہلم ویلی، باغ، کوٹلی کے صرف تعلیمی اداروں کیلئے وائی فائی، براڈ بینڈ بحال ہوگا میرپور، بھمبر، حویلی، نیلم میں سروس مکمل بحال، سدھنوتی راولاکوٹ میں بدستور بند رہیگی
مظفرآباد (محمد اسلم میر)وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کے حکم پر آزاد کشمیر کے 4 اضلاع میں انٹرنیٹ سروس مکمل اور 4 اضلاع میں جزوی طور پر بحال کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سدھنوتی اور راولاکوٹ میں انٹرنیٹ سروس بدستور مکمل طور پر بند رہے گی۔ مظفرآباد، جہلم ویلی، باغ اور کوٹلی میں براڈ بینڈ اور وائی فائی انٹرنیٹ سروس صرف تعلیمی اداروں بشمول سکولز، کالجز اور یونیورسٹیوں کے لیے بحال کی جائے گی۔ میرپور، بھمبر، حویلی اور نیلم ویلی کے علاوہ لیپا ویلی میں بھی انٹرنیٹ سروس مکمل بحال کر دی گئی ہے ۔ انٹرنیٹ سروس 5 جون کو راولاکوٹ میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی لانگ مارچ اور دھرنے کی کال کے بعد عائد پابندیوں کے باعث معطل کی گئی تھی جو 48 روز بندش کے بعد جزوی بحال کی گئی تھی لیکن مظفرآباد میں ہڑتال اور تصادم کے بعد دو روز بعد 25 جولائی کو دوبارہ بند کر دی گئی۔ حکام کے مطابق انٹرنیٹ کی بحالی کا عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا، آئندہ مرحلے میں موبائل فون پر انٹرنیٹ سروس بحال کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments