ایران کے امارات،اردن میں امریکی اڈوں پر جوابی حملے،ٹرمپ کی دھمکی، تیل مہنگا
ٹرمپ نے خارگ جزیرہ تباہ کرنے کی اے آئی ویڈیو جاری کردی،دعویٰ مضحکہ خیز قرار،چین پر پابندیوں سمیت تمام آپشنز زیر غور:امریکی وزیر خزانہ کنگ حسین، الازرق،المنہاد اڈے نشانہ،امریکی ڈرون مارگرایا،سپر ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکرا گیا،آلودگی پھیلانے والا جہاز تحویل میں لیا:ایران
تہران، واشنگٹن(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا کے ایرانی جزیرے لارک پر حملے میں 3افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اردن اور امارات میں فوجی اڈوں کونشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے جوابی حملوں کے بعد تہران کو سخت جواب دینے کی دھمکی دے دی۔ دوبارہ کشیدگی بڑھنے پر تیل کی قیمتوں میں 3.5 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔امریکی صدر نے کہا امریکی فضائی دفاع نے ایران کے ان تمام میزائلوں کو مار گرایا جو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچا سکتے تھے ۔ ایران پر عائد امریکا کی نئی سخت اقتصادی پابندیاں بھی بہت زیادہ اثر انداز ہو رہی ہیں۔ٹرمپ نے مصنوعی ذہانت (اے آئی)سے تیار کردہ ایک ویڈیو کلپ پوسٹ کیا، جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس میں ایران کے اہم تیل مرکز خارگ جزیرے کو تباہ ہوتے دکھایا گیا ہے ، انہوں نے لکھا خارگ جزیرہ ٹکڑے ٹکڑے کر دیا گیا۔ایک امریکی عہدیدار نے پیر کو کہا کہ امریکی فوج نے رات گئے کیے گئے حملوں میں خارگ جزیرے کو نشانہ نہیں بنایا۔ ایرانی آئل کمپنی کے سربراہ حمید بوارد نے ٹرمپ کی ٹویٹس مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا خارگ کے حالات پُرسکون اور معمول کے مطابق ہیں۔انہوں نے کہا تیل کی سرگرمیاں رکی نہیں ہیں اور کارکن پہلے ہونے والے نقصانات کی مرمت اور تنصیبات کو جدید بنانے میں مصروف ہیں۔ایک امریکی عہدیدار کے مطابق امریکی فورسز نے اتوار کو ایران کے لارک جزیرے پر دو ایرانی میزائل لانچروں کو نشانہ بنایاجب پاسداران انقلاب کی فورسز کو آبنائے ہرمز میں سمندری بارودی سرنگیں نصب کرنے والے راکٹ داغنے کی تیاری کرتے دیکھا گیا۔
لارک آبنائے ہرمز میں واقع ایک چھوٹا جزیرہ ہے جو خارگ سے تقریباً 660 کلومیٹر (410 میل) مشرق میں ایران کی اہم بندرگاہ بندر عباس کے قریب ہے ۔گورنر قشم حسین امیر تیموری کے مطابق لارک جزیرے پر حملے میں دو افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے ، بعد ازاں ایک اور زخمی دم توڑ گیا۔ایرانی میڈیا کے مطابق اس کے جواب میں ایران نے اردن میں دو امریکی اڈوں پر حملے کیے ، ایرانی حکام نے میزائلوں اور ڈرونز کو لانچ کرنے کی ویڈیو بھی جاری کی اور کہا یہ کارروائی اردن میں موجود امریکی فوجی اڈوں کنگ حسین اور الازرق کو نشانہ بنانے کیلئے کی گئی، ایرانی فوج کے مطابق وہاں موجود تکنیکی و دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے اور دشمن کے لڑاکا طیاروں کو بھاری نقصان پہنچایا۔تاہم اردن نے 8 میزائل روکنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ایران کی فوج نے کہا کہ اردن میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کے علاوہ اس نے پیر کی صبح متحدہ عرب امارات میں المِنہاد ایئربیس پر امریکی ہیلی کاپٹروں اور فوجی اہلکاروں کی موجودگی کے مقام کو بھی نشانہ بنایا۔ تاہم متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے اس رپورٹ کو غلط قرار دے کر مسترد کر دیا۔بعد ازاں اماراتی وزارت دفاع نے کہا کہ اس کی فضائیہ نے ایک ایسے ڈرون کا مقابلہ کیا جو ایران کی جانب سے اماراتی علاقائی پانیوں میں داخل ہوا تھا۔ اماراتی وزارت خارجہ نے ایرانی ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خطرناک کشیدگی قرار دیا اورکہا ایران سے آنے والے ڈرون کو اماراتی سمندری حدود میں مار گرایا، یو اے ای کو جواب دینے کا مکمل حق حاصل ہے ۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق اردن میں امریکی اڈوں کو اس لیے نشانہ بنایا گیا کیونکہ ان اڈوں کو لارک جزیرے پر حملے کے لیے کارروائی اور معاونت فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ انہوں نے فضائی دفاعی میزائلوں کے ذریعے ایک امریکی ایم کیو-9 ڈرون مار گرایا جو خلیج کے پانیوں میں جا گرا۔پاسدارانِ انقلاب نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں ایک سپر ٹینکر غیر قانونی طورپر گزرنے کے دوران دو بحری بارودی سرنگوں کی زد میں آنے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگیا اور مکمل طور پر رک گیا۔ امریکی سنٹرل کمانڈ نے دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز میں کسی جہاز کے بارودی سرنگ سے ٹکرانے کی اطلاع نہیں۔ ایرانی حکام نے آبنائے ہرمز میں تیل اور صنعتی فضلہ سمندر میں پھینکنے کے الزام میں چینی سے لدا مال بردار جہاز تحویل میں لے لیا جبکہ سمندر سے فضلہ صاف کرانے کے بعد جہاز کو عدلیہ کے حوالے کردیا گیا۔ ایران نے کہا وہ جنگ نہیں چاہتا، تاہم جارحیت کا فیصلہ کن جواب دے گا۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے ایران اب بھی امریکا کے ساتھ جاری تنازع کا مذاکرات کے ذریعے حل چاہتا ہے ۔پزشکیان نے کرغزستان میں ایک علاقائی سلامتی اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے گفتگو کرتے ہوئے امریکا پر الزام عائد کیا کہ وہ ماضی کے معاہدوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا ہے ،اس کے باوجود ہم اب بھی کسی معاہدے اور باہمی مفاہمت تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہمارا یقین ہے کہ جنگ جاری رکھنا کسی کے مفاد میں نہیں، نہ ہمارے ، نہ خطے کے اور نہ ہی انسانیت کے ۔انہوں نے کہا ہمارا یقین ہے کہ موجودہ مسائل کا حل مذاکرات اور تعاون میں ہے اور عدم تحفظ اور تنازع کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانا چاہیے ۔انہوں نے کہا ایران جنگ کی تلاش میں نہیں ہے ، تاہم کسی بھی جارحیت کے سامنے ایران کبھی خاموش نہیں بیٹھے گا۔ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ ایران امریکی حملے کا تباہ کن، تکلیف دہ اور سبق آموز جواب دے گا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو ’’سانپ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا انہوں نے امریکا کو ایران کے خلاف جنگ میں دھوکا دے کر شامل کیا۔
انہوں نے کہا اسرائیلی وزیراعظم نے امریکی میڈیا پر طویل مہم کے ذریعے واشنگٹن کو متاثر کیا۔امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا ایران کی معاشی تنہائی کیلئے چین پر پابندیوں سمیت تمام آپشنز زیر غور ہیں، انہوں نے رائٹرز کو بتایا کہ ایران پر دباؤ بڑھانے کی کوششوں کے تحت نئی ثانوی پابندیوں کا اعلان ہر ہفتے کیے جانے کا امکان ہے ، جن کا ابتدائی ہدف بینک ہوں گے ۔امریکی وزیر خزانہ نے کہا گروپ 20 کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں چینی حکام سے ایران کے ساتھ تجارت پر بات ہو گی۔یورپی یونین نے پیر کو کہا کہ وہ امریکا اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر ایران پر اقتصادی دباؤ برقرار رکھنے کے لیے کام جاری رکھے گی۔ایران امریکا کشیدگی بڑھنے کے بعد برینٹ نارتھ سی کروڈ کی قیمت بڑھ کر 90.26 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بڑھ کر 85.51 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments