قصور پاسپورٹ آفس میں چھاپہ، 11 ملازمین زیر حراست
کارروائی مبینہ کرپشن،شہریوں سے غیر قانونی رقوم وصولی پر کی گئی:ذرائع ایف آئی اے ملزموں کو لاہور لے گئی، جن میں ڈپٹی ڈائریکٹر بھی شامل ہے
قصور(نمائندہ دنیا) پاسپورٹ آفس قصور میں ایف آئی اے کا چھاپہ، ڈپٹی ڈائریکٹر سمیت 11 ملازمین کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کے سب انسپکٹر راؤ شفیق نے ٹیم کے ہمراہ پاسپورٹ آفس قصور میں چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران پاسپورٹ آفس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد وقاص، ڈیٹا انٹری آپریٹر محمد الیاس،اپر ڈویژن کلرک شہزاد اسلم، سکیورٹی گارڈز کلیم، مقیم اور احمد، سویپر غلام مصطفی جبکہ مبینہ پرائیویٹ ٹاؤٹس رؤف، عرفان اور نعمان کو حراست میں لیے جانے کی اطلاع ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران پاسپورٹ آفس میں سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات پنجاب پولیس کے کانسٹیبل روحیل کو بھی حراست میں لیا گیا۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے ٹیم تمام زیرِ حراست افراد کو مزید تفتیش کیلئے لاہور لے گئی ہے ، تاہم ایف آئی اے حکام کی جانب سے تاحال کارروائی، حراست میں لیے گئے افراد اور الزامات کے حوالے سے باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی مبینہ کرپشن اور شہریوں سے غیر قانونی رقوم وصول کرنے کی شکایات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔ مزید حقائق ایف آئی اے کی تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments