کرکٹ ٹیم کی رسوائی ،2کوچ اور 7کھلاڑی کک آئوٹ
انجری ڈرامہ کے کردارامام الحق ،سلمان آغا ،عامر جمال ،علی عثمان ،اویس ظفر ،خرم شہزاد ریلیز، سرفراز احمد اورعمرگل فارغ ٹیسٹ ڈیبیو کے منتظر رضا اللہ ، عمران ، عرفات منہاس،سعد بیگ،روحیل نذیر اور صائم ایوب ،عبداللہ فضل انگلینڈ طلب مائیک ہیسن ہیڈ کوچ اور ایشلے نوفکے باؤلنگ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے ،تیسرا ٹیسٹ 9 ستمبر سے برمنگھم میں شیڈو ل
لندن ،لاہور(اے ایف پی،سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ کے ہاتھوں مسلسل دو ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور فاسٹ باؤلنگ کوچ عمر گل کو عہدوں سے ہٹا دیا جبکہ 7 کھلاڑیوں کو ٹیسٹ سکواڈ سے ریلیز کردیا ہے ۔پی سی بی کے مطابق ’’انجری ڈرامے کے کردار‘‘امام الحق ،محمد رضوان، سلمان علی آغا، علی عثمان، عامر جمال، محمد اویس ظفر اور خرم شہزاد سکواڈ کا حصہ نہیں رہے ،ہیڈکوچ سرفراز احمد کی جگہ مائیک ہیسن لیں گے جوپہلے پاکستان کے وائٹ بال ہیڈ کوچ ہیں جبکہ فاسٹ باؤلنگ کوچ عمر گل کی جگہ ایشلے نوفکے برمنگھم ٹیسٹ سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے ۔اوپنر امام الحق لارڈز ٹیسٹ کے دوران پنڈلی میں معمولی نوعیت کے کھچاؤ کا شکار ہوئے تھے ، تاہم انہیں دونوں اننگز میں بیٹنگ نہ کرنے پر تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا اور ان کی انجری کو ڈرامہ قرار دیاجارہاہے ۔تجربہ کار وکٹ کیپر محمد رضوان، سپنر علی عثمان اور فاسٹ باؤلر خرم شہزاد نے دونوں ٹیسٹ میچز کھیلے ۔
سلمان علی آغا نے ہیڈنگلے ٹیسٹ میں ٹیم کی قیادت کی تھی جبکہ انجری کے بعد مستقل کپتان بابر اعظم نے لارڈز ٹیسٹ میں واپسی کی۔علی عثمان نے لیڈز ٹیسٹ میں 5 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ عامر جمال اور اویس ظفر کو ٹیسٹ سیریز میں کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔پاکستان نے 7نئے کھلاڑی سکواڈ میں شامل کئے ہیں ، ٹیم میں شامل کئے جانیوالوں میں فاسٹ باؤلرز رضا اللہ خان، محمد عمران رندھاوا، لیفٹ آرم سپنر عرفات منہاس اور وکٹ کیپرز سعد بیگ اور روحیل نذیر شامل ہیں جبکہ صائم ایوب اور عبداللہ فضل کو بھی انگلینڈ طلب کیاگیاہے ۔ان میں صائم ایوب 8ٹیسٹ میچز کھیل چکے جبکہ عبداللہ فضل نے واحد ٹیسٹ میچ بنگلہ دیش کیخلاف رواں سال کھیلا ہے ،باقی 5کھلاڑی ٹیسٹ ڈیبیو کے منتظر ہیں ۔واضح رہے انگلینڈ نے ہیڈنگلے میں پاکستان کو اننگز اور 103 رنز جبکہ لارڈز میں 194 رنز سے شکست دے کر 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے ،تیسرا ٹیسٹ 9 ستمبر سے برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔
لارڈز ٹیسٹ میں شکست پاکستان کی 20 ٹیسٹ میچز میں 15ویں اور انگلینڈ میں مسلسل چوتھی ناکامی ہے جبکہ بیرون ملک گزشتہ 11 ٹیسٹ میچز میں دسویں شکست ہے ، پاکستان اب تک انگلینڈ میں چار اننگز کے دوران 200 رنز کا ہندسہ عبور نہیں کرسکا۔پاکستانی ٹیم انگلینڈ پہنچنے سے قبل ہی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر تھی۔ لارڈز میں شکست پاکستان کی گزشتہ 20 ٹیسٹ میچز میں 15ویں جبکہ بیرون ملک گزشتہ 11 ٹیسٹ میچز میں دسویں شکست ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments