مون سون کا آخری سپیل آج سے شروع ، 6ستمبر تک بارشیں
اسلام آباد ،لاہور( دنیا نیوز ،اے پی پی) مغربی ہوائیں پاکستان میں داخل ہوگئیں جس کے باعث محکمہ موسمیات نے آج سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ،محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا آخری سپیل آج دوپہر کے بعد شروع ہونے کا امکان ہے۔۔۔
اس دوران اسلام آباد، راولپنڈی ، مری، گلیات ،کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں ، پنجاب میں جہلم، چکوال، اٹک، سیالکوٹ اور گجرات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کا موجودہ سلسلہ 6 ستمبر تک جاری رہ سکتا ہے ۔ ادھر این ڈی ایم اے نے ملک کے بالائی علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں ممکنہ بارش کے نتیجے میں اچانک سیلابی صورتحال اور ندی نالوں میں طغیا نی کا خدشہ ہے ۔ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، شیخوپورہ، نارووال، قصور، اوکاڑہ، منڈی بہاؤالدین، وزیرآباد، حافظ آباد اور سرگودھا کے علاقوں میں سیلابی صورتحال متوقع ہے ۔ این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو حساس علاقوں میں ضروری وسائل پیشگی منتقل کرنے اور محفوظ انخلا کے انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہا کہ عوام سیلابی نالوں، زیر آب سڑکوں، پلوں اور تیز آبی بہاؤ کو عبور کرنے سے گریز کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments