ہر ضلع میں سہولت مرکز بنائیں گے :چیف جسٹس یحییٰ آفریدی
سائلین وکلا کو فوری سہولیات میسرآئیں گے ، انصاف کی فراہمی کا عمل تیز ہوگا بلوچستان ہائیکورٹ میں سہولت مرکز کے افتتاح پر خطاب،سہولیات کا جائزہ لیا
کوئٹہ (سٹاف رپورٹر ،نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک)چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے بلوچستان ہائی کورٹ میں سہولت مرکز کا افتتاح کردیا اور کہا ہے کہ سہولت مرکز کے قیام سے سائلین اور وکلا کو مو ثر اور آسان انداز میں فوری سہولیات میسر آئیں گی اور انصاف کی فراہمی کا عمل تیز ہوگا ، خواہش ہے کہ اس نوعیت کے سہولت مراکز بلوچستان کے ہر ضلع اور تحصیل میں قائم کیے جائیں ،انہوں نے ملک بھر کے اضلاع میں بھی ایسے مراکز کے قیام کا وعدہ کیا ۔چیف جسٹس پاکستان یحیی خان آفریدی نے بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کامران خان ملاخیل ،وفاقی آئینی عدالت ،سپریم کورٹ اور بلوچستان ہائی کورٹ کے ججز کے ہمراہ سہولت مرکز کا دورہ کیااور سہولت مرکز میں قائم سہولیات کاجائزہ لیا۔
سہولت مرکز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس یحیی آفریدی نے کہا کہ بلوچستان آنا باعثِ خوشی ہے ۔ سہولت مرکز کا مقصد سائلین اور وکلا کو فوری سہولیات فراہم کرنا ہے ، جس سے انہیں مو ثر اور آسان انداز میں خدمات میسر آئیں گی چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ ہم نے جسٹس فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جبکہ اس طرح کی سہولت ملک کے ہر ضلع میں قائم کرنے کی کوشش کی جائے گی انہوں نے کہا کہ 8 اگست کے شہدا کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کی جدوجہد کو جاری رکھا جائے ۔خیال رہے نئے سہولت مرکز کے قیام سے سائلین اور وکلا کو ایک ہی مقام پر فائلنگ، تصدیق شدہ نقول، معلومات اور دیگر ضروری عدالتی خدمات فراہم کی جائیں گی، جس سے نہ صرف وقت اور اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ عدالتی امور کی انجام دہی بھی مزید آسان اور مو ثر ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments