انفارمیشن کمیشن کا فیصلہ درست قرار ، لیسکو کی درخواست مسترد
ہائیکورٹ نے لیسکو چیف ترقی بارے اجلاسوں کے منٹس فراہم کرنیکا فیصلہ برقراررکھا ادارے کسی اجلاس کی کارروائی حتمی فیصلہ ہونے کے بعد خفیہ نہیں رکھ سکتے :ریمارکس
لاہور(کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ نے انفارمیشن کمیشن کی جانب سے لیسکو چیف رمضان بٹ کی ترقی سے متعلق ہیومن ریسورسز اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاسوں کے منٹس شہری کو فراہم کرنے کا انفارمیشن کمیشن کا فیصلہ درست قرار دیکرلیسکوکی آئینی درخواست مسترد کردی۔جسٹس راحیل کامران شیخ نے قرار دیاکہ ادارے کسی اجلاس کی کارروائی کو حتمی فیصلہ ہونے کے بعد مستقل خفیہ نہیں رکھ سکتے اورلیسکو کی اپیل پر 11صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کردیا۔ لیسکو نے انفارمیشن کمیشن کی جانب سے لیسکو چیف کی ترقی بارے شہری کو اجلاسو ں کے منٹس فراہم کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔
جسٹس راحیل کامران نے فیصلے میں لکھا کہ آئین کے آرٹیکل19اے کے تحت شہریوں کو عوامی اہمیت کے معاملات میں معلومات تک رسائی کا بنیادی حق حاصل ہے ۔عدالت نے قرار دیا کہ صرف اس بنیاد پر کہ معلومات کسی افسر کی ترقی سے متعلق ہیں، پورے ریکارڈ کو ذاتی رازداری کے زمرے میں شامل نہیں کیا جا سکتا۔ اگرمنٹس کے مخصوص حصے میں ایسی معلومات جو قانون کے تحت محفوظ ہوں تو صرف اس حصے کو الگ کیا جا سکتا ہے مگراس بنیاد پر پورا ریکارڈ روکنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments