فیڈرل گورنمنٹ پنشن فنڈ مینجمنٹ کمپنی کے قیام کی منظوری

فیڈرل گورنمنٹ پنشن فنڈ مینجمنٹ کمپنی کے قیام کی منظوری

کمپنی وفاقی حکومت اور ملازمین کے پنشن فنڈز کا انتظام اور سرمایہ کاری کرے گی ادارے کے چیف ایگزیکٹو کیلئے 16 سالہ تعلیم، 20 سالہ مالیاتی شعبے کا تجربہ لازمی قرار

اسلام آباد (ایس ایم زمان) وفاقی حکومت نے پنشن فنڈ کے انتظام اور سرمایہ کاری کے لیے ’’فیڈرل گورنمنٹ پنشن فنڈ مینجمنٹ کمپنی‘‘ کے قیام کی منظوری دے دی۔وزارت خزانہ کے مطابق پبلک لمیٹڈ کمپنی کنٹری بیوشن پنشن فنڈ سکیم کے تحت وفاقی حکومت اور ملازمین کے پنشن فنڈز کا انتظام اور سرمایہ کاری کرے گی۔ کمپنی کا بنیادی مقصد پنشن بینیفٹس اوردیگر متعلقہ فنڈز کا مؤثر انتظام اور سرمایہ کاری ہے ۔وفاقی حکومت نے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کے لیے قواعد اور اہلیت کا فریم ورک بھی منظور کیا ہے ۔ اس کے تحت امیدوار کے لیے فنانس، اکنامکس، بزنس، قانون یا کسی متعلقہ مالیاتی شعبے میں کم از کم 16 سالہ تعلیم یا مساوی ماسٹرز ڈگری ضروری ہوگی۔

چیف ایگزیکٹو کے لیے مالیاتی شعبے میں کم از کم 20 سال کا پیشہ ورانہ تجربہ اور سینئر سطح پر انتظامی ذمہ داریاں ادا کرنے کا تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ بڑے مالیاتی اداروں، سرمایہ کاری اور فنڈ مینجمنٹ سے متعلق تجربے کو ترجیح دی جائے گی۔چیف ایگزیکٹو کی ذمہ داریوں میں بورڈ کی پالیسیوں اور حکمت عملی پر عمل درآمد، طویل المدتی سرمایہ کاری اور فنڈ مینجمنٹ کے منصوبے تیار کرنا، روزمرہ امور کی نگرانی اور متعلقہ حکومتی اداروں سے رابطہ شامل ہوگا۔وہ پنشن فنڈ کی سرمایہ کاری کی حکمت عملی، رسک مینجمنٹ اور مجموعی کارکردگی کی نگرانی کے ساتھ بورڈ آف ڈائریکٹرز کو مالی معاملات اور کارکردگی سے باقاعدگی سے آگاہ رکھنے کا بھی ذمہ دار ہوگا۔کمپنی کے سربراہ کو سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے ضوابط، حکومتی قواعد اور قانونی تقاضوں کی پابندی یقینی بنانا ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...