پاکستان کرکٹ کا بیڑا غرق کردیا، سابق کرکٹرز کی تنقید

پاکستان کرکٹ کا بیڑا غرق کردیا، سابق کرکٹرز کی تنقید

فیصلے کی منطق سمجھ نہیں آئی، متبادل کا انتخاب بھی سمجھ سے بالاتر،ٹیسٹ میچ کیلئے ٹی ٹونٹی پلیئرز ٹیم میں شامل کر لئے ،شاہد آفریدی احتساب کا آغاز ان لوگوں سے ہونا چاہیے جنہوں نے نظام خراب کیا، شعیب ملک، کسی کو کسی کی عزت کی پروا نہیں ہے ، تنویر احمد

لاہور (سپورٹس ڈیسک)انگلینڈ میں ابتدائی دو ٹیسٹ میچز میں عبرتناک شکست کے بعد قومی سکواڈ سے دوران سیریز سات کھلاڑیوں کو نکالنے کے فیصلے پر سابق کرکٹرز کی جانب سے کڑی تنقید کی گئی ۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ اس فیصلے کی منطق سمجھ نہیں آئی، یہاں تک کہ متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب بھی سمجھ سے بالاتر ہے ۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں ہونے والے ٹیسٹ میچ کیلئے ٹی ٹونٹی کے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے ؟ یہ کیسی سوچ اور کیسا طرزِ عمل ہے ؟شاہد آفریدی نے سوال اٹھایا کہ محض 5 ٹیسٹ میچوں کے بعد کوچ کو کیوں ہٹا دیا گیا؟سابق کپتان نے کہا کہ اتنے سارے تجربہ کار سلیکٹرز پر مشتمل سلیکشن کمیٹی کی جانب سے یہ اب تک کا سب سے زیادہ حیران کن فیصلہ ہے۔

شعیب ملک نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں کے لیے ‘پہلی فلائٹ سے واپس بھیجنے ’ جیسے جملے توہین آمیز ہیں۔شعیب ملک نے کہا کہ احتساب کا آغاز کھلاڑیوں سے نہیں بلکہ ان لوگوں سے ہونا چاہیے جنہوں نے نظام کو خراب کیا،بینچ پر بیٹھے یا صرف دو، تین ٹیسٹ میچز کھیلنے والے کھلاڑیوں کا احتساب نہیں ہونا چاہیے تھا۔انہوں نے کہاکہ احتساب کا عمل بھی دورے کے اختتام پر شروع ہونا چاہیے تھا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر تنویر احمد نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کا بیڑا غرق کردیا ہے ، کسی کو کسی کی عزت کی پروا نہیں ہے۔

سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے پی سی بی کے فیصلوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں، کوچز اور سلیکٹرز کو مسلسل تبدیل کرنا ہی پاکستان کرکٹ کے مسائل کی بڑی وجہ ہے۔ سابق سپن بولنگ کوچ مشتاق احمد نے کہا ہے کہ قومی ٹیم میں صحیح شعبے کے لیے صحیح بندہ لانے کا کوئی سسٹم نہیں، کرکٹ میں بہتری کے لیے نیت کا ٹھیک ہونا اور کام آنا ضروری ہے ۔ سابق سپنر ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ ٹیکنیکل چیزوں کو لے کر بیٹھیں گے تو آگے نہیں بڑھ سکتے ، ٹرائل کا مطلب یہ ہے کہ سسٹم میں کرپشن ہے اور اچھے لڑکوں کو سلیکٹ نہیں کیا جاتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...