بلوچستان میں آپریشن ، 21 دہشتگرد ہلاک ، 2 افسروں ، 1 کسٹم اہلکار سمی 6 جوان شہید
چاغی ،پشین میں کارروائیاں، این 40 کوئٹہ تفتان شاہراہ پر ناکہ لگا نے والے فتنہ الہندوستان کے 11 دہشتگرد مارے گئے دھرتی کے بہادر سپوتوں نے کسٹم ہاؤس میں خارجیوں کے داخلے کی کوشش ناکام بنا دی، 10دہشتگرد ہلاک:آئی ایس پی آر
راولپنڈی،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز)سکیورٹی فورسز کے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز میں 21 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ 2 افسروں اور ایک کسٹمز اہلکار سمیت 6 جوان شہید ہو گئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع چاغی اور پشین میں آپریشن کیا، چاغی کے علاقے نوکچا اور پشین کے علاقے زیارت کراس میں کارروائیاں کی گئیں۔بتایا گیا کہ 31 اگست کودہشت گردوں نے این 40 کوئٹہ تفتان شاہراہ پر آمدورفت میں خلل ڈالنے کی کوشش کی، فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے بھتہ خوری کے لیے غیر قانونی ناکہ قائم کیا تھا۔سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 11 دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے ، دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے کسٹمز ہاؤس میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، فرار ہونے والے دہشت گردوں کو بھی سکیورٹی فورسز نے نشانہ بنایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا مظہر تھا، جس کا مقصد کسٹمز حکام کو ان کے قانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنا اور علاقے میں مجرمانہ سرگرمیوں کے تسلسل کو یقینی بنانا تھا،فائرنگ کے تبادلے کے دوران دھرتی کے چھ بہادر سپوتوں، جن میں دو افسران اور محکمہ کسٹمز کا ایک سرکاری اہلکار بھی شامل تھا، نے فرض کی ادائیگی کے دوران عظیم قربانی پیش کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے اور مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ اہم قومی شاہراہوں کی حفاظت اور سلامتی یقینی بنانے کیلئے گردونواح میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری کے تحت عزمِ استحکام کے وژن کے تحت جاری دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز مہم پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments