او جی ڈی سی کا امریکی کمپنی کیساتھ تیل،گیس کنوؤں کی بحالی کا معاہدہ

او جی ڈی سی کا امریکی کمپنی کیساتھ تیل،گیس کنوؤں کی بحالی کا معاہدہ

بیکر ہیوز جدید ٹیکنالوجی،تکنیکی مہارت سے او جی ڈی سی کو پرانے اثاثوں کی بحالی میں مدد دیگی مچیور ایسٹس سلوشنز سے پرانے کنوؤں کی پیداوار،مقامی ہائیڈروکاربن پیداوار بڑھائی جائیگی

اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن کمپنی آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) نے امریکی انرجی ٹیکنالوجی کمپنی بیکر ہیوز کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔معاہدے کے تحت مچیور ایسٹس سلوشنز متعارف کرائی جائیں گی جن کا مقصد پرانے اور قدرتی طور پر پیداوار میں کمی کا شکار تیل و گیس کے کنوؤں کو بحال کرکے مقامی ہائیڈروکاربن پیداوار بڑھانا ہے ۔تقریب او جی ڈی سی ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ہوئی جس میں سپیشل سیکرٹری پٹرولیم مرزا ناصرالدین مشعود احمد اور امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔بیکر ہیوز اپنی تکنیکی مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے او جی ڈی سی کو پرانے اثاثوں میں پیداوار بڑھانے کے مواقع کی نشاندہی اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں معاونت فراہم کرے گی۔

یہ شراکت داری او جی ڈی سی کی پروڈکشن آپٹیمائزیشن ڈرائیو کا حصہ ہے جس کا مقصد موجودہ پیداواری اثاثوں سے زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنا ہے ۔او جی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر و چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد حیات لک نے کہا کہ منصوبہ مؤثر انداز میں نافذ کیا جائے گا اور پرانے اثاثوں سے پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی۔سپیشل سیکرٹری پٹرولیم مرزا ناصرالدین مشعود احمد نے کہا کہ شراکت داری مقامی تیل و گیس کی پیداوار بڑھانے اور پاکستان کی توانائی سلامتی مضبوط بنانے میں معاون ہوگی۔امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے معاہدے کو پاک امریکا توانائی شراکت داری میں اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کمپنیوں کا تعاون پاکستان کی توانائی سلامتی مضبوط بنانے میں مددگار ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...