جنوبی پنجاب اور بہاولپور پر صوبائی اسمبلی کی قراردادیں بیکار ہو چکیں: رانا ثنا اللہ

جنوبی پنجاب اور بہاولپور پر صوبائی اسمبلی کی قراردادیں بیکار ہو چکیں: رانا ثنا اللہ

عوام چاہیں تو صوبے بنیں گے ،بحث پارلیمنٹ میں آئی تو ن لیگ اپنا موقف دیگی،ریفرنڈم کیلئے پارلیمنٹ کی منظوری ضروری وزیراعظم کی پرفارمنس اتنی اچھی کہ کوئی انکی جگہ نہیں لے سکتا،کوئی فیصلہ لندن میں نہیں ہوگا،’’دنیا مہربخاری کیساتھ ‘‘میں گفتگو

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مشیر وزیر اعظم رانا ثنا اللہ نے کہا جنوبی پنجاب او ر بہاولپور پر صوبائی اسمبلی کی قراردادیں بیکار ہوچکی ہیں ،اب صوبوں کے معاملے پر بات ہونی ہے تو نئے سرے سے قرارداد منظور کرنا ہوگی،نئے صوبوں پر بحث پارلیمان میں داخل ہوتی ہے تو ن لیگ اپناموقف پیش کرے گی۔دنیا نیوز کے پروگرام’’دنیا مہربخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا نئے صوبوں پرسخت سے سخت بیانات آرہے ہیں،جہاں سے بحث ہورہی ہے وہ اس کی اصل جگہ نہیں ہے ،یہ بحث پارلیمنٹ میں آجاتی ہے جواس کی اصل جگہ ہے تو حکومت اپنا مکمل موقف پیش کرے گی، انہوں نے مزید کہا ہے کہ اگر عوام چاہتے ہیں تو صوبے بنیں گے ،ہر ایک جماعت اس کی حمایت کرے گی۔عوامی ریفرنڈم کسی وزیر کے بیان سے نہیں ہوگا بلکہ ریفرنڈم کیلئے پارلیمنٹ کی منظوری ضروری ہے ،جو لوگ بیانات دے رہے ہیں ان کے منہ بند نہیں کیے جاسکتے ، تاہم پارلیمنٹ میں جو بھی فیصلہ ہوگا اس کے ساتھ اتفاق رائے سے آگے بڑھا جائے گا۔

رانا ثنا نے کہا وزیر اعظم کی پرفارمنس اتنی اچھی ہے کہ ان کی جگہ اب کوئی نہیں لے سکتا،شہباز شریف ہی وزیراعظم رہیں گے ۔لندن میں کسی اہم سیاسی ملاقات کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسی خبریں افواہیں ہیں ، لندن میں کوئی سیاسی ملاقات نہیں ہورہی،سب اپنے اپنے معاملات میں لندن گئے ،مریم نواز کی اپنی نجی مصروفیت ہے ، زرداری صاحب اپنے کام سے گئے تھے ، باقی لوگ بھی اپنے معاملات میں گئے ہیں،لندن میں کوئی میٹنگ نہیں ہوئی اور نہ کوئی ایسا پروگرام ہے ،کوئی فیصلہ لندن میں نہیں ہوگا،سارے فیصلے پاکستان میں ہونگے ۔محسن نقوی اور صدر زرداری کے درمیان ملاقات کی بھی کوئی غیر معمولی اہمیت نہیں، کیونکہ دونوں روزانہ ملاقات کرتے ہیں۔انہوں نے کہا اسلام آباد سے متعلق جو وزیر اعظم کو ڈرافٹ پیش کیا گیا ہے یہ ایکسرسائز کافی عرصہ پہلے سے ہورہی ہے ،کمیٹی نے سفارشات دی ہیں،وہ اگر فائنل ہوتی ہیں تو اس کے مطابق آئندہ عمل ہوسکتا ہے ۔رانا ثنا نے کہا کہ مریم نواز نے جس خطرے کی نشاندہی کی ہے وہ درست ہے ،صوبے میں دہشت گردی کے واقعات ہوتے رہے ہیں اور ان میں ملوث دہشت گرد خیبرپختونخوا سے آئے تھے ، افغان باشندے اور خیبرپختونخوا سے بھاگے ہوئے عناصر پنجاب کو نشانہ بناتے رہے ہیں، پنجاب کو سب سے بڑا خطرہ انہی عناصر سے ہے ، تاہم بعض لوگ تعصب کی وجہ سے وزیراعلیٰ کے بیان کی حقیقت کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔ 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...