پمز اصلاحات کیلئے 20رکنی کمیٹی قائم، تکنیکی ماہرین کا دورہ
اسلام آباد (دنیا نیوز، نیوز رپورٹر)اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں اصلاحات کیلئے 20رکنی خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی۔۔
ذرائع وزارت صحت کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر قائم کمیٹی میں سرکاری اور نجی شعبے کے نامور ماہرین صحت شامل ہیں، خصوصی کمیٹی پمز کے انتظامی امور کا جائزہ لے گی اور سفارشات وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کرے گی جو رپورٹ کی روشنی میں حتمی فیصلہ کریں گے ۔ ذرائع نے کہا پمز ہسپتال کے امور چلانے کیلئے بورڈ آف گورنرز تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ادھر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پمز ہسپتال میں انجینئرنگ اور تکنیکی عملے کی کمی دور کرنے کیلئے پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے سرپلس پول کے انجینئرز اور ماہرین فوری طور پر ہسپتال میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے وزارتِ ہاؤسنگ کو باضابطہ مراسلہ ارسال کیا جا رہا ہے ۔ ہیٹنگ، وینٹیلیشن اور ایئر کنڈیشنگ نظام کی مرمت اور بحالی سے متعلق وفاقی وزیر نے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ متعلقہ حکام سے فوری رابطہ کر کے متاثرہ عمارت دوبارہ فعال کرنے کی حتمی ٹائم لائن طے کریں۔ علاہ ازیں اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی کے تکنیکی ماہرین نے پمز ہسپتال کا دورہ کیا۔ وزارتِ صحت کے مطابق ماہرین کلینیکل، سرجیکل، میڈیکل، ریڈیولوجی اور انتظامی شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں جو بہتری کیلئے حکومت کو جامع سفارشات پیش کریں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments