پی سی بی کی پلیئرز کے ڈسپلن، رویوں سے متعلق انکوائری شروع

پی سی بی کی پلیئرز کے ڈسپلن، رویوں سے متعلق انکوائری شروع

معاملے کا جائزہ بورڈ کے قواعد و ضوابط کے تحت لیا جا رہا ، انکوائری میں تمام متعلقہ افراد کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیاجائے گا،بورڈ امام الحق اور رضوان کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع ،مستقبل میں قومی ٹیم کی جانب سے کھیلنے کا موقع نہ ملنا خارج از امکان نہیں ،ذرائع

لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈسپلن اور کھلاڑیوں کے رویے سے متعلق میڈیا رپورٹس پر انکوائری شروع کردی۔پی سی بی کے مطابق معاملے کا جائزہ بورڈ کے قواعد و ضوابط کے تحت لیا جا رہا ہے ، انکوائری میں تمام متعلقہ افراد کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا پورا موقع فراہم کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کچھ پلیٹ فارمز پر سامنے آنے والی قیاس آرائیوں کو قابلِ اعتبار نہ سمجھا جائے ۔ترجمان کے مطابق پی سی بی غیر مصدقہ اطلاعات اور خبروں پر اس وقت مزید تبصرہ نہیں کرے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لارڈز ٹیسٹ کے بعد کھلاڑیوں کو واپس بھیجنے اور ڈسپلن کی خلاف ورزی پر انکوائری ہورہی ہے ، کھلاڑیوں کے موبائل فون رکھے جانے کی بھی انکوائری کی جارہی ہے ۔دوسری طرف بورڈ نے لندن میں پاکستانی کرکٹرز کے فون کا ڈیٹا حاصل کرلیا ہے ۔

بورڈ نے لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد امام الحق اور محمد رضوان کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے جب کہ ٹھوس شواہد ملنے پر انہیں بھاری جرمانوں اور پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ دوونوں کرکٹرز کی سرگرمیوں کے علاوہ یہ بھی چیک کیا جارہا ہے کہ دونوں کھلاڑی کن کن لوگوں کے ساتھ روابط میں رہے ۔ یہ بات بھی خارج از امکان نہیں مستقبل میں انہیں پاکستان ٹیم کی جانب سے کھیلنے کا موقع نہیں مل سکے ۔ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں 194 رنز کی شکست کے بعد ہوٹل پہنچنے پر ٹیم کے سکیورٹی آفیسر نے دونوں کھلاڑیوں کے موبائل فون اپنے قبضے میں لیے اور کئی گھنٹے بعد ڈیٹا کسی اور جگہ ٹرانسفر کرنے کے بعد انہیں فون واپس دئیے گئے ۔ اس بارے میں جب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس کی تصدیق کرنے سے انکار کردیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...