یومِ بحریہ ، ایڈمرل نوید اشرف کی یادگارِ شہدا پر حاضری، خراجِ عقیدت
آپریشن سومناتھ عزم و حوصلے کے فیصلہ کن نتائج کی روشن مثال ، امیر البحر کا پیغام
اسلام آباد( دنیا نیوز ، خصوصی نیوز رپورٹر)پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے یوم بحریہ کی مناسبت سے شہدا کی یادگار پر حاضری دی اور وطن کے دفاع میں بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کرنے والے بحری جانبازوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ، اس موقع پر نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یادگارِ شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، آئی ایس پی آر کے مطابق نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں یادگار شہداء پر یوم بحریہ کی مناسبت سے پروقار تقریب ہوئی ، نیو ل چیف نے یاد گار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد شہدا کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی ، پاک بحریہ اور پوری قوم نے یومِ بحریہ پر 1965 کی جنگ کے دوران مادرِ وطن کے دفاع کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو سلام پیش کیا۔
دن کا آغاز قرآن خوانی اور شہدا کے لئے خصوصی دعائوں سے کیا گیا ، اس موقع پر نیول چیف نے شہدا کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور وطن کے دفاع کے لئے ان کی قربانیوں، عزم اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اپنے پیغام میں امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ تاریخی آپریشن سومناتھ عزم و حوصلے سے فیصلہ کن نتائج حاصل کرنے کی روشن مثال ہے ،آپریشن سومناتھ میں قائم ہونے والی جرات، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کی میراث آج بھی قائم ہے ، آئی ایس پی آر کے مطابق یومِ بحریہ کی تقریبات ملک بھر میں منعقد کی گئیں، جن میں 1965 کے بحری جانبازوں کی بہادری، قربانیوں اور قومی دفاع کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments