سینیٹ موبائل ایپ لانچ، پارلیمانی امور تک ڈیجیٹل رسائی ممکن ہوگئی
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) قائم مقام صدر اور چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ موبائل ایپلی کیشن کا افتتاح کرتے ہوئے اسے ڈیجیٹل بااختیاری، شفافیت، ادارہ جاتی کارکردگی اور عوام دوست پارلیمانی نظام کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے ۔ایپ سے پارلیمانی امور تک ڈیجیٹل رسائی ممکن ہوگئی۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹ موبائل ایپلی کیشن کا اجرا ایوانِ بالا میں ڈیجیٹل تبدیلی کے نئے دور کا آغاز ہے ۔ یہ اقدام محض ایک ایپلی کیشن کا اجرا نہیں بلکہ پارلیمانی امور میں جدید طریقہ کار اپنانے کی جانب پیش رفت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ای آفس نظام کے بعد موبائل ایپلی کیشن سینیٹ کی وسیع تر ڈیجیٹل تبدیلی کا حصہ ہے جس سے وقت کی بچت، کارکردگی میں اضافہ اور غیر ضروری مراحل کا خاتمہ ہوگا۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ ایپلی کیشن سینیٹ کے پارلیمانی سفر میں اہم سنگِ میل ہے اور شفافیت، احتساب اور درست معلومات تک رسائی بہتر بنائے گی۔
وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل نے کہا کہ جدید پارلیمان کیلئے ایسے نظام ضروری ہیں جن کے ذریعے پارلیمانی امور مؤثر انداز میں منظم اور عوام تک پہنچائے جاسکیں۔وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پارلیمان کی ڈیجیٹلائزیشن سے کارکردگی، شفافیت اور عوامی ردعمل میں بہتری آئے گی۔ موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے سینیٹرز کو قانون سازی کی دستاویزات، ایجنڈا، بلز، قراردادوں، کمیٹی رپورٹس، اجلاس کے شیڈول اور دیگر پارلیمانی امور تک براہِ راست رسائی حاصل ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments