صوبائی ہیلتھ سیکٹر عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جا رہا :عظمیٰ بخاری
چینی تجربات، جدید ٹیکنالوجی اور عالمی ماہرین سے پنجاب کے ہیلتھ سیکٹر کو فائدہ ہوگا چین پاکستان نیورو سرجری مرکز ڈاکٹرز کی تربیت کیلئے اہم ہوگا:وزیراطلاعات پنجاب
لاہور(این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلٰی مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب کے شعبہ صحت کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے ، چین کے ساتھ صحت، ہیلتھ انشورنس، طبی تربیت، تحقیق اور جدید علاج کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے ،ووہان یونیورسٹی، تائی پنگ ہیلتھ اور دیگر معروف چینی اداروں کے ساتھ پنجاب میں ہیلتھ انشورنس کے شعبے میں تعاون پر اتفاق ہوا ہے ،جدید انشورنس ماڈلز کو فروغ ملے گا۔اپنے جاری بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ چین پاکستان مشترکہ نیورو سرجری تربیتی و طبی سیاحت مرکز ووہان میں قائم کیا گیا ہے جو طبی تربیت، تحقیق اور علمی تبادلے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اس مرکز کے ذریعے پاکستانی ڈاکٹرز کے لیے جدید طبی تربیت کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ چین پاکستان مشترکہ نیورو سرجری مرکز کے شراکت داروں میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز، ژونگ نان ہسپتال ووہان اور سی پی ایم اے شامل ہیں۔ پنجاب ہیلتھ کنیکٹ پروگرام کے ذریعے عالمی طبی ماہرین کو پنجاب کے طبی اداروں سے منسلک کیا جا رہا ہے ، چین اور پنجاب کے درمیان مشترکہ تحقیق اور جدید طبی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں ،چین کے ساتھ تعاون سے پنجاب میں طبی تربیت، تحقیق، جدید علاج اور صحت کی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments