عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا کیخلاف بجلی چوری کا مقدمہ
ڈیرے پرنصب میٹر کی باڈی ٹیمپرڈ ، سیل توڑ کر بجلی چوری کی جارہی تھی :ایف آئی آر پھول نگر میں پی ٹی آئی کی امیدوارقومی اسمبلی سدرہ فیصل کی مبینہ بجلی چور ی پکڑی گئی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، آئی این پی)پی ٹی آئی رہنما اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا کے خلاف بجلی چوری کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ ایس ڈی او فیسکو محمد عاطف ضیا کی مدعیت میں تھانہ بھیرہ میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق واپڈا اہلکاروں نے 9 ستمبر کو بجلی کا میٹر مشکوک جان کر اسے لیبارٹری ٹیسٹ کیلئے بھجوایا،جس کی رپورٹ آنے کے بعد مقدمے کا اندراج کیا گیا۔ بجلی کے میٹر کی باڈی ٹیمپرڈ تھی اور دونوں سائیڈ کی سیل توڑ کر بجلی چوری کی جارہی تھی۔فیسکو حکام کے مطابق بجلی کا میٹر نعیم حیدر کے ڈیرے پر نصب تھا۔ تاحال پی ٹی آئی رہنما کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔دوسری طرف پھول نگرمیں پاکستان تحریک انصاف کی امیدوارقومی اسمبلی سدرہ فیصل کی مبینہ طورپر بجلی چور ی پکڑی گئی ۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ رات لیسکو اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سندھو کلاں، پتوکی میں واقع پی ٹی آئی کی این اے 134 سے امیدوار سدرہ فیصل کے آبائی گھر پر 3 ڈائریکٹ (غیر قانونی)بجلی کے کنڈے پکڑ لئے ۔ کنڈے ٹرانسفارمر میں لگائے گئے تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments