مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو مذاکرات ختم،فیصلے سڑکوں پر ہونگے:حافظ نعیم

مطالبات  تسلیم  نہ  ہوئے  تو  مذاکرات  ختم،فیصلے  سڑکوں  پر  ہونگے:حافظ  نعیم

لاک ڈاؤ ن مسترد، 1567 ارب لیوی جمع کرکے 25 ارب کا ریلیف دیا جارہا :دھرنے سے خطاب،پریس کانفرنس اسلام آباد میں مذاکرات کا چوتھادور بے نتیجہ، حکومت پٹرولیم لیوی کے خاتمے پر آج ٹھوس تجویز دے :لیاقت بلوچ

گجرات،کر اچی(سٹی رپورٹر ،آئی این پی )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن ، پٹرول پر نام نہاد ہفتہ وار ریلیف اور روزانہ کی بنیادوں پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، اگر حکومت نے مطالبات تسلیم  نہ کیے تو مذاکرات ختم کر دیں گے اور پھر فیصلے سڑکوں پر ہوں گے ، واحد مطالبہ پٹرولیم لیوی کا خاتمہ ہے لہٰذا حکومت مذاکرات کو ٹالنے کی کوشش نہ کرے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گجرات کے جی ٹی ایس چوک میں جاری دھرنے کے شرکاء اور ادارہ نورحق کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ حکومت پٹرولیم لیوی ختم کرنے پر رقم کہاں سے آئے گی کا سوال کرتی ہے ، ہم حکومت کو بار بار بتابھی چکے لیکن حکومت کے پاس ہمارے موقف کے جواب میں کوئی دلیل نہیں ، روزانہ کی بنیاد پر پٹرول کی قیمتیں بڑھانے کا طریقہ ختم کیا جائے ، پٹرول پر نام نہاد ریلیف حکومت کا پرانا طریقہ واردات ہے ، یہ قوم کو لائنوں میں کھڑا اور مصروف کرکے کوئی اور کارروائی ڈالیں گے ، سالانہ 1567 ارب روپے لیوی جمع کرکے 25 ارب روپے کا ریلیف دیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ رانا ثنااللہ صاحب آپ چھوٹے اوربڑے میاں صاحب کو بتا دیں آج حکومت کیلئے مذاکرات کا آخری موقع ہے وگرنہ 20ستمبر کوپوری عوامی طاقت سے اسلام آباد کارخ کریں گے ،پھر سڑکوں پرہی مذاکرات ہونگے ، سرکاری اخراجات کم کرنے کے بجائے عوام پر بوجھ ڈالا جا رہا ہے ، حکمران قوم پر عذاب بن گئے ،مریم نواز اپنی بیٹی کی گریجوایشن کی تقریب میں لندن گئیں ، طیارے کے استعمال کے معاملے کی مکمل تحقیقات کرکے ریکارڈ قوم کے سامنے لایا جائے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ اٹھارہویں ترمیم میں جن شعبوں کو صوبوں کے حوالے کیا گیا وفاق کی جانب سے ان کیلئے بجٹ مختص کرنے کا کیا جواز ہے ؟ ،آئی پی پیز اور ری گیسی فکیشن پلانٹس کو دی جانے والی اربوں کی سبسڈی بند کی جائے ،شوگر مل مالکان کے چینی برآمد گی کے مطالبات دراصل حکمران ،حکمرانوں سے ہی کر رہے ہیں، آج لاہور اور اگلے روز مردان اور پشاور میں بڑے عوامی جلسے ہوں گے ،پٹرولیم لیوی کے معاملے پر تمام جماعتوں سے رابطے ہیں،سب کو ایک پیج پر آنا چاہیے ، بلاول بھٹو سے بھی رابطے کی کوشش کی ہے ، جب تک لیوی ختم نہیں ہوگی مسائل ختم نہیں ہوں گے ،ہم بغیر لاشوں کے سیاست کرنا چاہتے ہیں، اس وقت عوام اسلام آباد مارچ کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے حوالے سے اسلام آباد میں مذاکرات کا چوتھا دور بھی بغیر حتمی اتفاق کے ختم ہوگیا۔ اسلام آباد کے پنجاب ہاؤس میں نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی سربراہی میں فراست شاہ، نصراللہ رندھاوا، عنایت اللہ ، ضیائالدین انصاری اور نوید علی بیگ پر مشتمل وفد نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر قیادت رانا ثنائاللہ خان، علی پرویز ملک اور بلال اظہر کیانی پر مشتمل حکومتی مذاکراتی ٹیم سے مذاکرات کئے ، تاہم کوئی پیشرفت نہ ہو سکی۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے مذاکرات کے بعد گفتگو میں کہا کہ حکومت پر واضح کردیا کہ 20 ستمبر کا اسلام آباد مارچ حتمی ہے ، مذاکرات ابھی ختم نہیں کئے ، حکومت نے آج تک کا وقت مانگا ہے ، وہی ٹھوس تجویز دے ، ازسرنو جائزہ لیں گے ، عوام کو حقیقی ریلیف کیلئے محض اعلانات کافی نہیں بلکہ ٹھوس اقدامات ضروری ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...