جولائی صنعتی پیداوار میں گروتھ3.03فیصد،آٹو موبائل سیکٹر 57فیصد کیساتھ سرفہرست

جولائی صنعتی  پیداوار میں  گروتھ3.03فیصد،آٹو  موبائل  سیکٹر 57فیصد  کیساتھ  سرفہرست

جولائی میں جون 2026 کی نسبت 9.51 فیصد ماہانہ اضافہ ہوا، کاٹن یارن 2.73 فیصد اور گارمنٹس سیکٹر کی گروتھ 22 فیصد رہی فرٹیلائزر سیکٹر میں 4.71 فیصد ، آئرن اینڈ سٹیل میں 11.40 فیصد کمی، پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 1.34 فیصد اضافہ ہوا

 اسلام آباد (مدثر علی رانا) رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی 2026 کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں گروتھ 3.03 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ آٹو موبائل سیکٹر 57 فیصد اضافے کے ساتھ تمام شعبوں میں سرفہرست رہا۔ ملک کی بڑی صنعتوں کی پیداوار میں رواں مالی سال کے آغاز پر مثبت رجحان دیکھا گیا۔ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026 میں لارج سکیل مینوفیکچرنگ انڈسٹریز کی پیداوار میں 3.03 فیصد کا سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ماہانہ بنیادوں پر یہ گروتھ 9.51 فیصد رہی۔ دستاویز کے مطابق جولائی 2026 کے دوران جون 2026 کی نسبت 9.51 فیصد ماہانہ اور جولائی 2025 کی نسبت 3.03 فیصد سالانہ اضافہ ہوا۔ ماہانہ بنیادوں پر 9.51 فیصد اضافے سے جون میں سست روی کے بعد جولائی میں صنعتی سرگرمیوں میں تیزی آئی جس کی ایک وجہ نئے مالی سال میں خام مال کی دستیابی اور حکومتی پالیسیوں میں تسلسل بھی ہے ۔ٹیکسٹائل سیکٹر میں کاٹن یارن کی پیداوار میں 2.73 فیصد اضافہ ہوا تاہم کاٹن کلاتھ کی پیداوار میں 0.09 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کے برعکس گارمنٹس سیکٹر کی گروتھ میں 22 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 1.34 فیصد اضافہ ہوا جبکہ فرٹیلائزر سیکٹر میں 4.71 فیصد کمی ہوئی جو زرعی سیزن کے آغاز پر تشویشناک پہلو ہے ۔

تعمیراتی شعبے سے منسلک سیمنٹ کی پیداوار میں 6.17 فیصد کا حوصلہ افزا اضافہ دیکھا گیا ۔ ماہرین کے مطابق جاری ترقیاتی منصوبوں اور نجی تعمیراتی سرگرمیوں میں بہتری کے امکانات ہیں۔اس کے برعکس آئرن اینڈ سٹیل سیکٹر میں 11.40 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق اس میں کمی کی بڑی وجہ درآمدی خام مال کی قیمتوں میں اضافہ اور تعمیراتی لاگت کا بڑھنا ہے ۔ سب سے نمایاں کارکردگی آٹو موبائل سیکٹر کی رہی جہاں 57 فیصد کا غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ سال کی درآمدی پابندیوں اور پلانٹ بندش کے بعد آٹو انڈسٹری دوبارہ بحال ہو رہی ہے ۔ فوڈ سیکٹر نے منفی 0.84، بیوریجز نے منفی 0.45، ٹوبیکو نے 0.55، ٹیکسٹائل نے منفی 0.53، جبکہ گارمنٹس سیکٹر میں 3.87 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ ہوا۔ اسی طرح پٹرولیم مصنوعات کا حصہ 0.11، کیمیکلز کا منفی 0.50، فارماسیوٹیکلز کا منفی 1.24، سیمنٹ کا مثبت 0.36، آئرن اینڈ سٹیل مصنوعات کا منفی 0.47، الیکٹریکل آلات کا 0.21، مشینری سمیت دیگر آلات کا منفی 0.03، آٹو موبائلز کا 1.91، دیگر ٹرانسپورٹ کے آلات کا 0.27 اور فرنیچر کا 0.18 رہا۔دستاویز کے مطابق متعدد شعبے ابھی بھی منفی دباؤ میں ہیں، خاص طور پر فوڈ، فارما اور ٹیکسٹائل، جبکہ گارمنٹس اور آٹو موبائل دو ایسے شعبے ہیں جنہوں نے مجموعی گروتھ کو سہارا دیا ہے ۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق مالی سال کے پہلے مہینے کے دوران 3 فیصد سے زائد کی گروتھ آنے والے مہینوں کے لیے مثبت اشارہ ہے ۔ حکومت کی جانب سے شرح سود میں کمی اور صنعتی بجلی کے نرخوں میں استحکام سے توقع ہے کہ آنے والے مہینوں میں لارج سکیل مینوفیکچرنگ میں مزید بہتری آ سکتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...