جیکب آباد:گندم، آٹے کی بلوچستان غیر قانونی منتقلی نہ رک سکی
جیکب آباد (نمائندہ دنیا) جیکب آباد میں محکمہ خوراک کی نااہلی اور ضلعی انتظامیہ کی چشم پوشی کے باعث گندم اور آٹے کی بلوچستان منتقلی کا غیر قانونی سلسلہ تاحال نہ رک سکا۔
سرحدی چوکیوں سے رکشوں اور دیگر چھوٹی گاڑیوں کے ذریعے دن رات گندم اور آٹے کی مبینہ منتقلی جاری ہے، جس کے نتیجے میں مقامی مارکیٹ میں شدید بحران پیدا ہو چکا ہے ۔جیکب آباد سے بلوچستان جانے والے حساس سرحدی راستوں کوئٹہ روڈ، شاہ غازی روڈ و دیگر چوکیوں پر تعینات عملے کی مبینہ سرپرستی اور غفلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسمگلر مافیا رکشوں کے ذریعے گندم اور آٹا بلا روک ٹوک سرحد پار منتقل کر رہا ہے ۔ گندم اور آٹے کی مسلسل بیرون ضلع منتقلی کی وجہ سے جیکب آباد کی مقامی مارکیٹ میں گندم کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے ۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ گندم اور آٹا ضلع سے باہر جا رہا ہے ، جس سے مستقبل میں قلت کے خدشات جنم لے رہے ہیں، شہر میں آٹے کے نرخ قوت خرید سے باہر ہو چکے ہیں۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرجیکب آباد ارشد علی لکھن سے رابطہ کر کے موقف جاننے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے روایتی بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج چھٹی کا دن ہے ، مجھے ریسٹ کرنے دیں‘‘، جب ان سے شہر میں آٹے کی نگرانی اور فلور ملز کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے ذمہ داری دوسروں پر ڈالتے ہوئے کہا کہ جیکب آباد میں کوئی فلور مل نہیں ہے ، آٹا باہر سے آتا ہے اس لیے مہنگا فروخت ہو رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments