سندھ حکومت اور چین کے صوبے ہونان کے لیٹر آف انٹریسٹ پر دستخط
اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور تکنیکی روابط کو مضبوط بنانیکی راہیں کھلیں گی دونوں صوبوں میں کاروباری اداروں اور عوام کے لئے نئے مواقع کی توقع
کراچی (سٹاف رپورٹر)حکومت سندھ اور عوامی جمہوریہ چین کے صوبے ہونان نے لیٹرآف انٹریسٹ پر دستخط کے ساتھ ادارہ جاتی، اقتصادی اور عوامی سطح کے تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا۔ لیٹر آف انٹریسٹ پر حکومت سندھ کے سینئر شرجیل انعام میمن اور ہونان فارن افیئرز آفس (FAO)کی ڈائریکٹر جنرل محترمہ گوو ننگ نے دستخط کیے ۔دستخط کی تقریب سندھ اور ہونان کے درمیان تعاون کو وسعت دینے میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے ، جس سے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں زیادہ روابط کے لیے ایک فریم ورک تشکیل پائے گا اور اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، تکنیکی اور ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی راہیں کھلیں گی۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ کے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کے لیے خصوصی معاون قاسم نوید قمر اور گوانگژو میں پاکستان کے قونصل جنرل یاسر اقبال بٹ سمیت دونوں فریقوں کے اعلیٰ حکام اور نمائندگان نے شرکت کی۔
یہ پیش رفت رواں سال اپریل میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر آصف علی زرداری کے دورئہ ہونان کے پس منظر میں سامنے آئی ہے ، جس نے دونوں صوبوں کے درمیان تعاون کی مضبوط بنیاد رکھی۔لیٹرآف انٹریسٹ سے توقع ہے کہ قریبی ادارہ جاتی رابطہ کاری میں سہولت ملے گی، کاروبار سے کاروبار کے روابط کو فروغ حاصل ہوگا، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی میں شراکت داری کی حوصلہ افزائی ہوگی اور دونوں صوبوں میں کاروباری اداروں اور عوام کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ دستخط دونوں فریقوں کے اس مشترکہ عزم کو بھی تقویت دیتے ہیں کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی کو اقتصادی ترقی، سرمایہ کاری، جدت، علم کے تبادلے اور عوامی سطح پر روابط کی صورت میں ٹھوس نتائج میں تبدیل کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments