سرکاری میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کی سیٹیں بڑھانے کی تجویز
محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کا 475 اضافی سیٹوں کیلئے مراسلہ ارسال
لاہور (بلال چودھری )پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کی سیٹیں بڑھانے کی باضابطہ تجویز سامنے آ گئی۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے 17 سرکاری میڈیکل کالجز میں 475 اضافی سیٹیں بڑھانے کیلئے مراسلہ ارسال کردیا۔ذرائع کے مطابق پنجاب کے 17 سرکاری میڈیکل کالجز میں اس وقت ایم بی بی ایس کی کل 3 ہزار 476 سیٹیں موجود ہیں۔ گزشتہ چند برسوں میں ان کالجز سے منسلک ٹیچنگ ہسپتالوں میں بیڈز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور فیکلٹی سمیت پی ایم ڈی سی کے دیگر تمام معیارات بھی پورے ہو چکے ہیں جس کی بنیاد پر سیٹیں بڑھانے کی گنجائش پیدا ہوئی ہے ۔تجویز کے مطابق کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج لاہور میں 325 سے بڑھا کر 25 اضافی سیٹیں شامل کر کے مجموعی تعداد 350 کرنے ، نشتر میڈیکل کالج ملتان، سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لاہور اور پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد میں 50، 50 اضافی سیٹیں بڑھانے کی تجویز ہے ۔اسی طرح قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور میں 25، شیخ زید میڈیکل کالج رحیم یار خان، ساہیوال میڈیکل کالج ساہیوال، گوجرانوالہ میڈیکل کالج گوجرانوالہ اور امیر الدین میڈیکل کالج لاہور میں 50، 50 سیٹیں جبکہ ڈی جی خان میڈیکل کالج میں 30 نئی سیٹیں بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے ۔ خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ میں 20 اور سرگودھا میڈیکل کالج میں 25 اضافی سیٹوں کی تجویز شامل ہے ۔محکمہ صحت نے حکومت پنجاب سے استدعا کی ہے کہ تعلیمی سیشن 2025-26 میں ان 475 اضافی سیٹوں پر داخلوں کی اجازت دی جائے اور اس معاملے کو ترجیح قرار دے کر فوری اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments